عوامی تحریک اور آل مسلم لیگ کا حکومت مخالف اتحاد بنا نے کا فیصلہ،ڈاکٹر طاہر القادری کا پرویز مشرف کو فون،ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر گفتگو،حکومت امن وامان اور عوام کوریلیف دینے میں ناکام ہوچکی ہے،عید کے بعد گرینڈ الائنس تشکیل دیا جائیگا،دونوں رہنماؤں میں اتفاق

جمعرات 9 جولائی 2015 09:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 جولائی۔2015ء)آل پاکستان مسلم لیگ اور عوامی تحریک نے حکومت مخالف اتحاد قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے عید کے بعد اتحاد کو گرینڈ الائنس میں تبدیل کرنے پر اتفاق کیا ہے۔بدھ کے روز عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے سابق صدر پرویز مشرف کو ٹیلی فون کیا ہے اور ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے،ملک کے حالات نازک دور سے گزررہے ہیں،وقت کا تقاضا ہے کہ تمام اپوزیشن جماعتیں ایک ہی پلیٹ فارم پر اکٹھی ہو کر ملک کیلئے کردار ادا کریں،انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے ابھی تک سانحہ ماڈل ٹاؤن کے قاتلوں کو کٹہرے میں نہیں لایاگیا ،سانحہ ماڈل ٹاؤن کے اصل کردار شریف برادران ہیں،انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن وامان کی صورت حال خراب ہیں اور پانی کی کمی اور لوڈشیڈنگ نے غریب عوام کا جینا حرام کر دیا ہے جبکہ گرمی کی شدت سے ہزاروں افراد جاں بحق ہوگئے ہیں،دونوں رہنماؤں نے ملک کی بہتری اور عوام کے فلاح وبہبود میں ا پنا کردار ادا کرنے کیلئے مستقبل میں مل جل کر اکٹھا چلنے پر اتفاق کیا ہے جبکہ حکومت مخالف تحریک چلانے کا بھی فیصلہ کیا ہے جبکہ عید کے بعد گرینڈ الائنس قائم کیا جائیگا جس میں ملک کی دیگر سیاسی جماعتوں کو دعوت دی جائے گی جن میں مسلم لیگ (ق) ،سنی اتحاد،وحدت المسلمین شامل ہیں جبکہ اس موقع پر کراچی کے دورے کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ دونوں رہنماؤں میں رواں ہفتے یہ دوسرا ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے،اس سے قبل پرویز مشرف نے طاہر القادری کو فون کیا اور سیاسی صورت حال پر گفتگو کی جبکہ طاہر القادری کو کراچی آنے دعوت بھی دی تھی