سری لنکا:خاتون کو جنسی طور پر ہراساں کرنے پر سپریم کورٹ کا جج گرفتار

جمعرات 9 جولائی 2015 10:24

کولمبو(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 جولائی۔2015ء) خاتون کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کی شکایت پر سری لنکن پولیس نے سپریم کورٹ کے ایک جج کو گرفتار کرلیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سری لنکن پولیس کا کہنا ہے کہ 36 سالہ خاتون نے جج ساراتھ دی ابیرو پر الزم لگایا کہ انھوں نے کولمبو شہر کے مضافات میں ایک خاتون پر جنسی تعلقات قائم کرنے کے لیے دباوٴ ڈالا اور خاتون کی جانب سے انکار پرانھیں تشدد کا نشانہ بنایا۔

پولیس کے مطابق جج جن کی عمر 60 سال سے زائد ہے، کو مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں ان کو 3 ہزار 800 ڈالرز کی شخصی ضمانت پر رہا کردیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ مجسٹریٹ نے جج کو یہ ہدایات بھی دیں کہ وہ پولیس کے کرمنل انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ سے تعاون کرتے ہوئے اپنا بیان ریکارڈ کروائیں۔

(جاری ہے)

سری لنکا کی عدلیہ پر کتابوں کے مصنف وکٹر ایوان کا کہنا ہے کہ جج نے اس سے قبل پولیس کو بیان دینے سے انکارکردیا تھا۔

انھوں نے کہا کہ سری لنکا کی تاریخ میں یہ پہلی بار ہوا ہے کہ کسی اعلیٰ عدالت سے تعلق رکھنے والے جج کو گرفتار کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ سری لنکا میں سپریم کورٹ کے جج کو ہٹانے کے لیے پارلیمنٹ کے ایک دشوار طریقہ کار سے گزرنا پڑتا ہے۔سری لنکا کی پارلیمنٹ گذشتہ ماہ تحلیل کی جاچکی ہے جبکہ نئے انتخابات رواں سال اگست میں متوقع ہیں۔

متعلقہ عنوان :