بلاول بھٹو سے وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کی ملاقات، پارٹی چیئرمین کو صوبے میں امن وامان کی صورتحال ،سندھ رینجرز کے اختیارات میں توسیع بارے قانونی مشاورت ودیگر امور پربریفنگ دی ،وزیراعلیٰ سندھ کا آصف زرداری سے بھی ٹیلیفونک رابطہ ،رینجرز اختیارات میں فوری توسیع کی جائے، آصف زرداری،،دہشتگردی کے خلاف رینجرزکے کردارکوفراموش نہیں کرسکتے، رینجرزکے ساتھ بہترتعلقات قائم کئے جائیں قائم علی شاہ کوفون پر ہدایت

جمعرات 9 جولائی 2015 09:39

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 جولائی۔2015ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چےئرمین بلاول بھٹو زرداری سے بدھ کو بلاؤل ہاؤس میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ملاقات کی ،ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ نے پارٹی چےئرمین کو صوبے میں امن وامان کی صورتحال ،سندھ رینجرز کے اختیارات میں توسیع کیلیے کی گئی قانونی مشاورت ،وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان سے ہونے والی گفتگو ،سندھ حکومت کے ایف آئی اے اور نیب کے اختیارات پر بعض تحفظات سمیت وفاقی حکومت کی جانب سے کی گئی یقین دہانیوں پر تفصیلی بریفنگ دی ،وزیراعلیٰ سندھ نے پارٹی کے شریک چےئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا ،وزیراعلیٰ سندھ سے سابق صدر کو ان امور پر تفصیلی بریفنگ دی ،ذرائع کا کہنا ہے کہ اس مشاورت میں اتفاق کیا گیا ہے کہ ان امور کو قانونی مشاورت سے حل کیا جائے گا ۔

(جاری ہے)

سابق صدرآصف علی زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ کورینجرزکے اختیارات میں فوری طورپرتوسیع کرنے کی ہدایت کردی ،سابق صدرنے بدھ کے روزوزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ کوفون کیااورکہاکہ رینجرزکے ساتھ بہترتعلقات قائم کئے جائیں ،دہشتگردی کے خلاف رینجرزکے کردارکوفراموش نہیں کرسکتے ،رینجرزکے اختیارات میں فوری توسیع کرنے کانوٹیفکیشن جاری کیاجائے۔

انہوں نے کہاکہ موجودہ صورتحال میں سول ملٹری تعلقات بہت اہم ہیں اورملکی مفادمیں پاک فوج کادہشتگردی کے خلاف جنگ میں کردارقابل تحسین ہے ۔رینجرزنے کراچی میں قیام امن کے لئے بڑی قربانیاں دی ہیں ۔انہوں نے کہاکہ صوبے میں قیام امن کے لئے تمام ادارے مل کرکام کررہے ہیں امن وامان کی صورتحال صوبائی حکومت کے اقدامات کے باعث بہترہوئی ہے رینجرزکے ساتھ ورکنگ ریلیشن شپ بہتربنائی جائے ۔انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ کوتمام سٹیک ہولڈرزکے ساتھ رابطے میں رہنے کی ہدایت کی