این اے 122 مبینہ دھاندلی کیس کی سماعت گیارہ جولائی تک ملتوی، الیکشن ٹریبونل نے سردار ایاز صادق کے وکیل کو حتمی بحث کے لیے طلب کر لیا

جمعرات 9 جولائی 2015 10:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 جولائی۔2015ء) لاہور کے الیکشن ٹریبونل نے حلقہ این اے 122 مبینہ دھاندلی کیس کی سماعت گیارہ جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے سردار ایاز صادق کے وکیل کو حتمی بحث کے لیے طلب کر لیا۔الیکشن ٹریبونل کے جج کاظم ملک نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

سردار ایاز صادق کے وکیل نے دلائل دیے کہ حلقے میں کہیں بھی دھاندلی نہیں ہوئی عمران خان سمیت کسی نے بھی الیکشن کے فورا بعد دھاندلی کا الزام عائد نہیں کیا تاہم بعد میں سیاسی فائدہ حاصل کرنے کے لیے دھاندلی کا الزام لگایا گیا۔

لوکل کمیشن اور نادرا رپورٹ میں دھاندلی ثابت نہیں ہو سکی لہذا عدالت شواہد کی روشنی میں درخواست مسترد کر ے۔ عدالت نے کیس کی سماعت گیارہ جولائی تک ملتوی کرتے ہوئے سردار ایاز صادق کے وکیل کو دلائل جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ اس سے قبل عمران خان کے وکیل بھی اپنی حتمی بحث مکمل کر چکے ہیں۔