تمام کمشنرز اور ریجنل پولیس افسران یوم علی کے موقع پر جلوسوں و مجالس کی سکیورٹی یقینی بنائیں۔شجاع خانزادہ،سی ٹی ڈی نے لاہور کے 9 ، گوجرانوالہ کے 8 ،فیصل آباد کے 16 ،ملتان کے 46 ،بہاولپور کے 13 ،شیخوپورہ2 ،راولپنڈی کے 11، سرگودھا کے 25 ،ساہیوال کے 8 اور ڈیرہ غازی خان کے 34 پوائنٹس کو حساس قرار دیا ہے، فوکس کریں،لاہور میں منعقد ہونے والی مجالس و جلوسوں کو 4ٹیئرسکیورٹی فراہم کی جائے، جسمانی تلاشی، واک تھرو گیٹس، سائیڈ لین بند کرنا ، سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے،ایک 30سالہ خودکش حملہ آور کراچی سے لاہور روانہ ہوچکا ہے، القاعدہ بدلہ لینے کی کوشش کرسکتی ہے، سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے،صوبائی وزیر داخلہ

جمعرات 9 جولائی 2015 09:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 جولائی۔2015ء) صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے تمام کمشنرز اور ریجنل پولیس افسران کو یوم علی کے موقع پر صوبہ بھر میں نکالے جانے والے 184 جلوسوں اور 752 مجالس کے حوالے سے سخت سکیورٹی انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ کاونٹرٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے لاہور کے 9 ، گوجرانوالہ کے 8 ،فیصل آباد کے 16 ،ملتان کے 46 ،بہاولپور کے 13 ،شیخوپورہ2 ،راولپنڈی کے 11 ،سرگودھا کے 25 ،ساہیوال کے 8 اور ڈیرہ غازی خان کے 34 پوائنٹس کو حساس قرار دیا ہے اس لئے ان پوائنٹس پر خصوصی فوکس کیا جائے۔

انہوں نے یہ بات گزشتہ روز سول سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں یوم علی کے حوالے سے سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے صوبہ بھر کے تمام کمشنرز اور ریجنل پولیس افسران سے ویڈیو لنک کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خاں،چیف سیکرٹری پنجاب،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،صوبائی سیکرٹری داخلہ میجر(ر) اعظم سلیمان، آئی جی پولیس مشتاق احمد سکھیرا،اینٹلی جنس بیورو،سپیشل برانچ،سی ٹی ڈی کے افسران اور کمیٹی کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔

کرنل (ر) شجاع خانزادہ کو سیکرٹری ہوم،آئی جی پولیس ،تمام کمشنرز اور ریجنل پولیس افسران نے یوم علی کے حوالے سے سیکورٹی انتظامات بارے بریف کیا اور صوبائی وزیر نے انہیں انتظامات مزید بہتر بنانے بارے ہدایات دیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ لاہور میں یوم علی کے موقع پر مجالس اور جلوسوں کے حوالے سے سکیورٹی کے چار دائرے بنائے جائیں گے جس میں جسمانی تلاشی، واک تھرو گیٹس،سائیڈ لین بندکرنا اور سی سی ٹی وی کیمرے لگانا شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کو جلوسوں کے تمام راستوں کو مکمل طور پر کور کیا جائے گا۔صوبائی وزیر داخلہ نے بتایا کہ اطلاع ہے کہ ایک 30 سالہ خود کش حملہ آور کراچی سے لاہور کے لئے روانہ ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالا شاہ کاکو کے واقعہ کے حوالے سے القاعدہ بدلہ لینے کی کوشش کر تی سکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ تمام مسلمان چاہے ان کا تعلق کسی بھی فرقے سے پر امن رہیں اور سکیورٹی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔

انہوں نے کہا کہ انہیں سو فیصد امید ہے کہ سکیورٹی انتظامات کے باعث یوم علی پرامن گزرے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ سکیورٹی اداروں کے افسران واہلکاروں کے ساتھ تعاون کیا جائے ۔مزید براں انہوں نے سیلاب کی صورتحال بارے منعقدہ اجلاس کی بھی صدارت کی ۔جس میں صوبہ بھر میں ہونے والی بارشوں کے حوالے سے صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں رپورٹ پیش کی گئی کہ تمام دریا معمول کے مطابق بہہ رہے ہیں اور کسی جگہ سیلاب کا کوئی خطرہ نہیں۔انہوں نے کہا کہ سیلاب کے حوالے سے تمام انتظامات مکمل کئے جا چکے ہیں اورسیلاب آنے کی صورت میں کم سے کم جانی ومالی نقصان کی توقع ہے۔