پی ٹی آئی کی رینجرز کے حق اور اختیارات میں توسیع کیلئے سندھ اسمبلی میں قرار داد جمع کرادی،رینجرز کی قربانیوں سے کراچی میں شہریوں کو سکھ کا سانس ملا ہے،اختیارات میں توسیع کی جائے ،قرار داد متن،سندھ کو پولیس کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے،تمام سیاسی جماعتیں رینجرز اختیارات کیلئے قرار داد کی حمایت کریں،رینجرز کے حق میں سڑکوں پر نکلیں گے،پی ٹی آئی رہنما شیر زمان کی قرار داد جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو

جمعرات 9 جولائی 2015 10:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9 جولائی۔2015ء)پاکستان تحریک انصاف نے رینجرز کے حق اور اختیارات میں توسیع کیلئے صوبائی اسمبلی میں قرار داد جمع کرادی ہے،بدھ کے روز تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان اور حمیدضیاء نے اسمبلی سیکرٹریٹ میں قرار داد جمع کرائی ہے ،قرار داد میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 6 ماہ میں کراچی کی امن وامان کی صورت حال بہتر ہوئی ہے، شہریوں کو سکھ کا سانس ملا ہے ،قرار داد میں کہاگیا ہے کہ کراچی میں امن وامان برقرار رکھنے کیلئے رینجرز کے اختیارات میں توسیع کی جائے اور سندھ اسمبلی قرار داد کو متفقہ طور پر منظور کرے۔

قرار داد جمع کرانے کے موقع پر تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں امن وامان کے قیام میں رینجرز نے اہم کردار ادا کیا ہے ،سندھ کی صورت حال کو پولیس کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے،کراچی میں رینجرز کا قیام بہت ضروری ہے ،رینجرز جلد از جلد اختیارات دیئے جائیں اور سندھ اسمبلی میں متفقہ قرار داد کو پاس کیا جائے جو سیاسی جماعت قرار داد کا ساتھ نہیں دے گا تو سمجھا جائے گا کہ وہ سیاسی جماعت ملک میں امن نہیں چاہتی اور وہ کراچی میں قتل و غارت اور بھتہ خوری میں ملوث ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف رینجرز کی قربانیوں کو ضائع نہیں جانے دے گی ،رینجرز کیلئے سڑکوں پر نکلنا پڑا تو ہم نکلیں گے۔