جرمن یونیورسٹیوں میں غیر ملکی طلباء کی تعداد کا نیا ریکارڈ

اتوار 26 جولائی 2015 09:04

برلن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26 جولائی۔2015ء)تعلیمی تبادلے کے جرمن ادارے DAAD اور جرمنی کے اعلیٰ تعلیمی ادارے اور سائنسی تحقیق کے مرکز DZHV کی جانب سے پیش کردہ ایک حالیہ رپورٹ سے پتہ چلا ہے کہ 2013ء کے مقابلے 2014 ء میں جرمن یونیورسٹیوں میں زیر تعیلم غیر ملکی طالبعلموں کی تعداد میں انیس ہزار کا اضافہ ہوا اور یہ تعداد بڑھ کر تین لاکھ سے بھی اوپر چلی گئی۔

دوسری جانب اس رپورٹ سے یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ جرمن طالبعلموں کے غیر ملکوں کی طرف جانے کے رجحان میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔غیر ملکی یونیورسٹیوں کی کشش ، بیرون ملک جا کر تعیلم حاصل کرنے والے جرمن طلباء کی تعداد میں روز بروز اضافے کا سبب بن رہی ہے۔غیر ملکی طلباء کے امور کی وفاقی جرمن وزارت کے مطابق امریکا اور برطانیہ کے بعد جرمنی غیر ملکی طالبعلموں کے لیے مقبول ترین میزبان ملک بنتا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ سال مجموعی طور پر تین لاکھ ایک ہزار تین سو پچاس غیر ملکی طالب علم جرمن یونیورسٹیوں میں رجسٹرڈ تھے۔ جرمنی آنے والے غیر ملکی طالبعلموں میں سب سے زیادہ تعداد انجینئرنگ کے شعبے میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کی ہے۔جرمنی آکر اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے غیر ملکی طالبعلموں کی تعداد میں آئندہ سالوں میں مزید اضافے کا قوی امکان ہے۔ جرمنی کی وفاقی اور صوبائی حکومتیں 2020 تک جرمنی آنے والے غیر ملکی طلباء کی تعداد ساڑھے تین لاکھ تک ہونے کی امید کر رہی ہیں۔ وفاقی جرمن وزارت تعلیم اس ہدف تک پہنچنے کے حوالے سے پراعتماد نظر آ رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :