جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ سے”منظم دھاندلی“ کا لفظ چند روز قبل نکال دیا گیا،نبیل گبول، نوازشریف دھرنے کے دوران استعفیٰ دینے کیلئے تیار ہوگئے تھے،طاہر القادری کے چلے جانے سے دھرنے کا ڈراپ سین ہوا،عزیر بلوچ نے اقبالی بیان دے دیا ،نجی ٹی وی کو انٹرویو

اتوار 26 جولائی 2015 08:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26 جولائی۔2015ء)سابق وزیر نبیل گبول نے انکشاف کیا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ سے”منظم دھاندلی“ کا لفظ چند روز قبل نکال دیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف دھرنے کے دوران استعفیٰ دینے کیلئے تیار ہوگئے تھے،طاہر القادری کے چلے جانے سے دھرنے کا ڈراپ سین ہوا،۔نجی ٹی وی کو دئیے گئے انٹرویو میں نبیل گبول نے انکشاف کیا کہ عزیر بلوچ کو متحدہ عرب امارات کے ایک فارم سے پاکستان منتقل کردیاگیا ہے اور انہوں نے اپنا اقبالی بیان دے دیا ہے،سندھ کے جن وزراء کے گھروں سے اربوں روپے برآمد ہوئے انہوں نے اپنے لیڈروں کے پاؤں پکڑ کر دوبارہ وزارتیں حاصل کیں،سندھ کے کرپٹ وزراء کا خیال ہے کہ وہ اپنی وزارتوں کی وجہ سے بچے ہوئے ہیں اگر وزارتیں نہ ہوتیں تو انہیں الٹا لٹکا دیا جائے گا لیکن یہ خیال غلط ہے،سندھ میں سرکاری الاٹمنٹ کرانے والوں اور کرپٹ افراد کو بھگتنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دھرنے کے دوران جب لوگ پارلیمنٹ میں گھسے تو نوازشریف نے اپنے قریبی دوستوں کو بلایا اور کہا کہ اب مجھے استعفیٰ دینا پڑے گا لیکن پھر طاہر القادری کے چلے جانے سے دھرنے کا ڈراپ سین ہوگیا،طاہرالقادری کے شریف خاندان سے قریبی مراسم ہیں۔انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ سے بہت زیادہ توقعات وابستہ تھیں ،کمیشن کی رپورٹ سے چند روز قبل”منظم دھاندلی“ کا لفظ نکالا گیا جو پہلے لکھا ہوا تھا۔