ڈپلومیٹک انکلیو کے قریب فائیو سٹار ہوٹل کی تعمیر، سی ڈی اے کی پی اے سی کو ریکارڈز فراہم کرنے کی بجائے معاملہ دبانے کی کوششیں

اتوار 26 جولائی 2015 09:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26 جولائی۔2015ء) ڈپلومیٹک انکلیو کے بالکل قریب زیر تعمیر فائیو سٹار ہوٹل کو مکمل کرنے کیلئے سی ڈی اے نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو ریکارڈز فراہم کرنے کی بجائے معاملے کو دبانے کی کوششیں شروع کردی ہیں ۔ ذرائع کے مطابق پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے کنونشن سنٹر اور سفارتخانوں کے درمیان تعمیر کئے جانے والے اس ہوٹل کو سکیورٹی رسک قرار دیا تھا اور حساس اداروں نے بھی اس ہوٹل کی تعمیر پر اپنے تحفظات اور خدشات کا اظہار کیا تھا ۔

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے اس سلسلے میں سی ڈی اے کو کئی خطوط لکھے کہ اس ہوٹل سے متعلق مکمل دستاویز ریکارڈز فراہم کیا جائے اس میں ان لوگوں کے شناختی کارڈ نمبرز اور ٹیلی فون نمبرز کے ساتھ ساتھ ان کے ذرائع آمدن کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں تاکہ یہ دیکھا جاسکے کہ یہ فلیٹس کن لوگوں نے خریدے ہیں لیکن چھ ماہ کا عرصہ گزرنے کے باوجود سی ڈی اے نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو ریکارڈز فراہم نہیں کیا ہے ۔

(جاری ہے)

دوسری طرف پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے ریکارڈ کی فراہمی تک تحقیقاتی کمیٹی کا اجلاس بلانے سے بھی انکار کردیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے اس پراجیکٹ کو حساس ترین قرار دیتے ہوئے اس کے ہر پہلو کو چیک کرنے کا فیصلہ کیا ہے مگر سی ڈی اے کا بااثر مافیا اس فائیو سٹار ہوٹل کے مالکان سے مل کر معاملے کو گول کرنے کے درپے ہے سی ڈی اے حکام اس حوالے سے اس تشویش میں مبتلا ہیں اگر اس ہوٹل کی تعمیر روک دی گئی تو اس منصوبے کو ختم کردیا گیا تو ہوٹل انتظامیہ اس کے بدلے میں سی ڈی اے سے اربوں روپے کا معاوضہ طلب کرسکتی ہے قابل غور پہلو یہ بھی ہے کہ ہوٹل انتظامیہ اورسی ڈی اے اس ہوٹل کی تعمیر کے حوالے سے پیدا ہونے والے تحفظات اور خدشات سے متعلق کسی بھی سکیورٹی ادارے کو قائل ہی نہیں کرسکے ۔

متعلقہ عنوان :