یونان کے ساتھ ٹیکنیکل سمجھوتہ طے پا گیا ہے، یورپی کمیشن

بدھ 12 اگست 2015 08:42

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12 اگست۔2015ء)یورپی کمیشن نے کہا ہے یونان کا اپنے معاشی بحران پر قابو پانے کے لیے قرض خواہوں کے ساتھ ’اصولی‘سمجھوتہ طے پاگیا ہے۔کمیشن نے کہا ہے کہ یونان کے ساتھ ٹیکنیکل سمجھوتہ طے پا گیا ہے جسے اب سیاسی منظوری کی ضرورت ہے۔یونان کی وزارتِ خزانہ نے منگل کو ایتھنز میں یورپی یونین اور آئی ایم ایف سے ہونے والے اس سمجھوتے کا اعلان کیا۔

یہ سمجھوتہ طویل اور ایک انتہائی دشوار مذاکراتی عمل کے بعد ممکن ہو سکا ہے۔

(جاری ہے)

سمجھوتے میں طے پانے والے مالی پیکیج کے اصل حجم کے بارے میں توقع کی جا رہی تھی کہ یہ 86 ارب یورو کے لگ بھگ ہوگا لیکن اس کے اصل حجم کے بارے میں ابھی حتمی طور پر کچھ نہیں کہا گیا۔خیال رہے کہ یونان کی معیشت کے کساد بازاری کا شکار ہونے کے باعث اس کا حجم بڑھ بھی سکتا ہے۔اس سے قبل یونان کیوزیر خزانہ یوکلیڈ تساکالوتوس نے عندیہ دیا تھا یونان اپنے بین الاقوامی قرض خواہوں کے ساتھ کئی ارب یورو کے بیل آوٴٹ معاہدے کے قریب پہنچ گیا ہے اور اب صرف چند معمولی تفصیلات کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔اس سے یہ امید کی جا رہی ہے کہ اب یونان یوروزون سے باہر نہیں نکلے گا اور دیوالیہ پن سے بچ جائے گا۔