مشرقی عراق میں دو کار بم دھماکے، 42 افراد ہلاک، درجنوں زخمی ، پہلا دھماکہ باقوبہ شہر کے مصروف بازار میں ہواجس میں 35 جبکہ دوسرا ایک گاڑی میں ہوا جس میں سات افراد ہلاک ہو ئے

بدھ 12 اگست 2015 08:41

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12 اگست۔2015ء)عراق کے مشرقی علاقوں میں ہونے والے دو کار بم دھماکوں میں کم سے کم 42 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ۔ عرا قی حکام کا کہنا ہے کہ پہلا بم دھماکہ دارالحکومت بغداد سے 60 کلو میٹر کے فاصلے پر باقوبہ شہر کے ایک مصروف بازار میں ہوا۔اس دھماکے میں کم سے کم 35 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 70 سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔

دوسرا دھماکہ مشرقی شہر باقوبہ کی چیک پوسٹ کے قریب ایک گاڑی میں ہوا۔ جس کے نتیجے میں سات افراد ہلاک ہوئے ہیں اور کم سے کم 25 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ابھی تک کسی بھی گروہ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔گذشتہ سال شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ اور حکومت کی حامی ملیشیا کے درمیان لڑائی میں باقوبہ میدانِ جنگ بنا رہا۔حکومتی افواج نے باقوبہ میں دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا ہے لیکن دیالا صوبے میں شدت پسندوں اور حکومتی افواج کے درمیان لڑائی جاری ہے۔

گذشتہ مہینے شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ نے دیالا صوبے کے ایک مصروف بازار میں کار بم دھماکے کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ ماہ رمضان کے آخری عشرے میں بازار میں کیے گئے اس کار بم دھماکے میں میں کم از کم 115 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

متعلقہ عنوان :