اوورسیز پاکستانیوں کے بچوں کیلئے سرکاری میڈیکل کالجوں میں اوپن میرٹ پر داخلوں کیلئے76سیٹیں مختص، اوور سیز پاکستانیوں کے بچے مذکورہ سیٹوں پر داخلہ کیلئے20اگست تک درخواستیں دے سکتے ہیں

بدھ 12 اگست 2015 08:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12 اگست۔2015ء) مشیر وزیر اعلی برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر سرکاری میڈیکل کالجوں میں اوور سیز پاکستانیوں اور دوہری شہریت کے حامل پاکستانیوں کے بچوں کے سیلف فنانس پر داخلوں کیلئے مختص 76سیٹوں پر داخلہ اب اوپن میرٹ کی بنیاد پر ہو گا اور مذکورہ 76سیٹیں صرف دیار غیر میں مقیم پاکستانیوں کے بچوں کیلئے مختص ہو ں گی -انہوں نے کہا کہ اوور سیز پاکستانیوں کے بچے مذکورہ سیٹوں پر داخلہ کیلئے20اگست تک درخواستیں دے سکتے ہیں-انہوں نے یہ بات اوورسیز پاکستانیوں اور دوہری شہریت کے حامل پاکستانیوں کے بچوں کے سرکاری میڈیکل کالجوں میں داخلہ پالیسی کے بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی-اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب جواد رفیق ملک،وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسرفیصل مسعود،وائس چانسلر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میجر جنرل(ر) ڈاکٹر محمد اسلم ،ڈاکٹر نادیہ عزیز ایم پی اے ،کمشنر اوورسیز پاکستانی کمیشن افضال بھٹی ،ڈائریکٹر جنرل اوورسیز پاکستانی کمیشن خواجہ داؤد ،محکمہ خزانہ اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی-خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پہلے مذکورہ76سیٹوں پر داخلہ سیلف فنانس کی بنیاد پر ہوتا تھا لیکن اب وزیر اعلی پنجاب کے حکم پر سیلف فنانس کی سیٹوں کو سمندر پار پاکستانیوں اور دوہری شہریت رکھنے والے پاکستانیوں کے بچوں کیلئے اوپن میرٹ کی سیٹوں میں تبدیل کر دیا گیاہے اور یہ سیٹیں اوور سیز پاکستانیوں کے بچوں کیلئے مختص کر دی گئی ہیں جن کا اوپن میرٹ کی بنیاد پر میرٹ بنے گا-خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ 76سیٹوں پر اوپن میرٹ پر داخلوں کیلئے اوورسیز پاکستانیوں کے بچوں کو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی جانب سے وضع کردہ انٹری ٹیسٹ یا انٹرنیشنل امتحان MCAT یا SAT-IIپاس کرنا لازم ہو گا-کمشنر اوور سیز پاکستانی کمیشن افضال بھٹی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں اور دوہری شہریت رکھنے والے پاکستانیوں کے بچوں کیلئے مختص کردہ اوپن میرٹ کی76سیٹوں پر سرکاری میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز میں داخلے کا سب سے زیادہ فائدہ مشرق وسطی کے ممالک میں مقیم محنت کش پاکستانیوں کے بچوں کو ہو گا ،جو ہر سال کروڑوں ڈالرز ذرمبادلہ وطن عزیز کو بھیجتے ہیں -انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی محمد شہباز شریف کے اس اقدام سے اوور سیز پاکستانیوں کے ہونہار بچے بچیوں کو آگے آنے کا موقع ملے گا -انہو ں نے کہا کہ کمیشن برائے اوورسیز پاکستانیز سمند پار پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کیلئے کوششیں جاری رکھے گی۔