عمران فاروق قتل کیس میں گرفتار ملزم خالد شمیم کی بیوی نے تنخواہ کے حصو ل کے لئے در خواست دائر کر دی ، عدالت عالیہ کا اسے نئی درخواست دائر کرنے کا حکم

بدھ 12 اگست 2015 08:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12 اگست۔2015ء)متحدہ قومی موومنٹ کے رہنماء ڈاکٹرعمران فاروق قتل کیس میں گرفتار ملزم خالد شمیم کی بیوی نے سندھ ہائی کورٹ سے اس کی تنخواہ جاری کروانے کی درخواست کی تاہم عدالت عالیہ نے اسے نئی درخواست دائر کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں 2رکنی بنچ نے عمران فاروق قتل کیس کے ملزم خالد شمیم سے اہل خانہ کی ملاقات کرانے سے متعلق درخواست کی سماعت کی، سماعت کے دوران خالد شمیم کی بیوی بینا خالد نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی اے حکام نے 23 جولائی کو خالد سے اس کی ملاقات کرادی ہے، اس کا شوہر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کا ملازم اور اس وقت 90 روزہ نظر بندی پر ایف آئی اے اسلام آباد کی تحویل میں ہے لیکن متعلقہ ادارہ اس کے شوہر کی تنخواہ جاری نہیں کررہا ہے جس کی وجہ سے انہیں گزر اوقات میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

عدالت عالیہ نے بینا خالد کا موقف سننے کے بعد سماعت 2 ہفتوں کے لئے ملتوی کرتے ہوئے بینا خالد کو ہدایت کی کہ یہ درخواست صرف ملاقات سے متعلق تھی، تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے علیحدہ درخواست دائرکی جائے۔واضح رہے کہ خالد شمیم کو قانون نافذ کرنے والے ادارے نے چمن کے قریب پاک افغان سرحد سے حراست میں لیا تھا۔

متعلقہ عنوان :