ایاز صادق تاحال سپیکر کے اکثر اختیارات اورمراعات استعمال کررہے ہیں ،حالیہ دورہ ماسکوکیلئے پارلیمانی وفد کے اراکین کے ناموں کی منظوری بھی سابق سپیکر نے دی،سیکرٹری ٹو سپیکر سعید میتلا ایاز صادق کی انتخابی مہم میں مصروف ، ایاز صادق سرکاری ڈرائیور اور انتخابی مہم میں پراڈو گاڑی پرائیویٹ نمبر لگا کر استعمال کررہے ہیں ،قائم مقام سپیکر مرتضی جاوید عباسی کو صرف سفارت کاروں سے ملاقاتوں یا اہم اجلاس کے لئے سپیکر چیمبر میں بیٹھنے کی اجازت ہے ، اہم فائلیں دیکھنے کا اختیار بھی نہیں رکھتے ،ذرائع

ہفتہ 3 اکتوبر 2015 08:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3اکتوبر۔2015ء)قومی اسمبلی کے سابق سپیکر سردار ایاز صادق منصب سے ہٹائے جانے کے باوجود سپیکر کے اکثر اختیارات اورمراعات استعمال کر رہے ہیں، جبکہ حال ہی میں ماسکو جانے والے ایک پارلیمانی وفد کے اراکین کے ناموں کی منظوری بھی سابق سپیکر نے دی موجوہ قائم مقام سپیکر مرتضی جاوید عباسی کو صرف سفارت کاروں سے ملاقاتوں یا اہم اجلاس کے لئے سپیکر چیمبر میں بیٹھنے کی اجازت ہے ورنہ وہ سپیکر چیمبربھی استعمال نہیں کر سکتے۔

اسمبلی سیکرٹریٹ کے ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ سیکرٹری ٹو سپیکر سعید میتلا اکثر لاہور میں ہوتے ہیں اور سابق سپیکر ایاز صادق کی انتخابی مہم چلانے کے ساتھ ساتھ سیکرٹری ٹو سپیکر کے طور پر ان کے کام بھی کر رہے ہیں اسی طرح پی ایس مشتاق ،ڈی جی پروٹوکولانور سیال بھی اکثر وبیشتر حلقہ این اے ایک سو بائیس میں سابق سپیکر کی ضمنی انتخاب میں کامیابی کے لئے وہاں دیکھے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایاز صادق کے بطور سپیکر سرکاری ڈرائیور اب بھی ان کے ساتھ ڈیوٹی کر رہے ہیں کیونکہ ان سب کو یقین دلایا گیا ہے کہ سابق سپیکر نے دوبارہ جیت جانا ہے اس لئے وہ دوبارہ بھی سپیکر ہی بنیں گے دوسری طرف سابق سپیکر ایاز صادق ،سپیکر کے طور پر ملنے والا موبائل فون بھی استعمال کر رہے ہیں جس کا سکرین پر نمبر ڈسپلے نہیں ہوتا اور سی ایل آئی کی سہولت ختم کرنے کی اجازت آئی ایس آئی سے لی جاتی ہے مگر وہ ابھی تک اس فون کو استعمال کر رہے ہیں جس کے وہ مجاز نہیں ہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ گزشتہ دنوں ایک پارلیمانی وفد ماسکو گیا جس کی سربراہی سیکرٹری قومی اسمبلی محمد ریاض کر رہے ہیں اس وفد میں شامل اراکین قومی اسمبلی کی منظوری قائم مقام سپیکر کی بجائے سابق سپیکر سے حاصل کی گئی اور جو نام ایاز صادق نے او کے کئے وہ لسٹ قائم مقام سپیکر کو دے دی گئی جس کی انہوں نے رسمی منظوری دی اور اب آنے والے دنوں میں مزید وفود نے باہر جانا ہے ان کے ناموں کی منظوری بھی سابق سپیکر سے حاصل کی جائے گی۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ اسمبلی سیکرٹریٹ کی اہم فائلیں ان دنوں رکی ہوئی ہیں اور قائم مقام سپیکر مرتضی جاوید عباسی جن کے پاس سپیکر کے مکمل اختیارات ہیں وہ صرف معمول کے کام دیکھ رہے ہیں انھیں اہم فائلیں دیکھنے کا کوئی اختیار نہیں دیا گیا ، سپیکر چیمبر میں وہ مخصوص ملاقاتوں کے علاوہ نہیں بیٹھ سکتے حتی کہ ایم کیو ایم کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں کی فائل پر بھی قائم مقام سپیکر کو کوئی فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں ہے اس لئے یہ معاملہ ابھی تک لٹکا ہوا ہے۔ذرائع نے مزید بتایا کہ سابق سپیکر قومی اسمبلی ضمنی الیکشن کیلئے انتخابی مہم میں پراڈو گاڑی بھی پرائیویٹ نمبر لگا کر استعمال کررہے ہیں،جس کا الیکشن کمیشن کو نوٹس لینا چاہئیے ۔

متعلقہ عنوان :