روس شام میں فوری اپنی فضائی کارروائیاں معطل کرے ،امریکہ او ر اتحادی ممالک کا مطالبہ ،روسی بمباری کی وجہ سے شام میں کشیدگی میں اضافہ ہوگا اور یہ انتہا پسندی کو پھیلانے کا سبب بنے گی،اتحادی ممالک ، انھی عناصر کو نشانہ بنا رہا ہے جن کو امریکہ بھی نشانہ بنا رہا ہے، کارروائی کئی ماہ جاری رہ سکتی ہے ، روس ، روس دولت اسلامیہ کے علاوہ القاعدہ سے منسلک النصرہ فرنٹ جیسی دہشت گرد تنظیموں کو بھی نشانہ بنائے گا، روسی وزیر خارجہ

ہفتہ 3 اکتوبر 2015 09:03

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3اکتوبر۔2015ء)شام میں شدت پسند تنظیم دولت اسلامیہ کے خلاف کارروائی میں مصروف امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک نے روس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شام میں فوری طور پر اپنی فضائی بمباری کی مہم کو معطل کرے۔امریکہ، برطانیہ، ترکی اور سعودی عرب کی جانب سے ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ روسی بمباری کی وجہ سے شام میں کشیدگی میں اضافہ ہوگا اور یہ انتہا پسندی کو پھیلانے کا سبب بنے گی۔

دوسری جانب شام کی صورتحال پر فرانس اور روس میں میں بات چیت ہونے والی ہے۔امریکہ کی طرح فرانسیسی جیٹ طیارے شام میں دولت اسلامیہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنا رہے ہیں لیکن امریکہ کو خدشہ ہے کہ روس شام میں بشار الاسد کے مخالفین کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔روس کا کہنا ہے کہ وہ انھی عناصر کو نشانہ بنا رہا ہے جن کو امریکہ بھی نشانہ بنا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ایک سینیئر روسی اہلکار نے بتایا ہے کے روسی فضائی کارروائی کئی تک ماہ جاری رہ سکتی ہے۔روسی پارلیمان کی خارجی امور کمیٹی کے سربرہ الیکسی پوشکوو نے کہا کہ اب تک امریکہ نے دولت اسلامیہ پر بمباری کرنے کا محظ ’ڈھونگ‘ کیا ہے اور ان کی فضائی مہم اس سے کئی گنا موثر ہوگی۔شام میں حکومت مخالف گرہوں نے الزام لگایا ہے کہ روس اپنے اتحادی بشار الاسد کو بچانے کے لیے ان کو نشانہ بنا رہا ہے۔

فرنسیسی صدر فرانسوا اولاند نے کہا کہ سب سے اہم چیز یہ ہے کہ تمام فضائی حملے ’داعش‘ کے خلاف کیے جائیں۔یو این کے نیو ہارک ہیڈ کواٹرز میں روسی وزیر خارجہ سرگی لوروف کا کہنا تھا کہ روس دولت اسلامیہ کے علاوہ القاعدہ سے منسلک النصرہ فرنٹ جیسی دہشت گرد تنظیموں کو بھی نشانہ بنائے گا۔لوروف نے کہا کہ تمام اہداف کا تعین شامی فوج کی مشاورت کے ساتھ کیا گیا ہے۔