’عدم تعاون‘ امریکا نے فلسطینی اتھارٹی کی امداد میں کٹوتی کردی

پیر 26 اکتوبر 2015 09:30

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26اکتوبر۔2015ء) امریکانے فلسطینی عوام کی قابض اسرائیل کے خلاف 'بغاوت' سے ناراض ہوکر فلسطینی اتھارٹی کی مالی امداد میں کٹوتی کر دی غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزارت خارجہ غرب اردن اور غزہ کے لئے امریکی امداد کو سال 2016ء کے لئے 370 ملین ڈالر سے کم کر کے 290 ملین ڈالر کررہی ہے۔امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے ساتھ عمان کے دورے پر آنے والے ایک عہدیدار نے تصدیق کی ہے کہ فلسطینی امداد میں کٹوتی کی جارہی ہے۔

ان کا کہنا تھا "فلسطینی اتھارٹی کی امداد کی کمی کا فیصلہ اس سال کے اوائل میں کیا گیا تھا۔"عہدیدار کا مزید کہنا تھا "اس فیصلے کو اختیار کرنے میں بہت سی چیزوں کا عمل دخل ہے جن میں فلسطینیوں کی جانب سے عدم تعاون اور ہمارے عالمی امداد کے بجٹ میں کٹوتی شامل ہے۔

(جاری ہے)

"امریکی عہدیدار کا کہنا تھا کہ اس کٹوتی کا براہ راست تعلق اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان جاری حالیہ تشدد کی لہر سے نہیں ہے۔

مگر ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے پچھلے کچھ ہفتوں سے جاری تشدد پر اپنے خدشات کا اظہار کیا ہے۔جان کیری اس وقت عمان میں ہیں جہاں وہ اردن کے شاہ عبداللہ دوئم اور فلسطینی رہنما محمود عباس سے مذاکرات کررہے ہیں تاکہ مقبوضہ بیت المقدس اور مغربی کنارے میں جاری حالیہ داستان خوں چکاں کو ختم کیا جاسکے۔