پیپلزپارٹی شہید بھٹو گروپ کا ذوالفقار بھٹو جونیئر کو پارٹی چیئرمین بنائے جانے کا امکان ، 2016 میں تعلیم مکمل کرنے کے بعد باقاعدہ سیاست میں آنے کا اعلان کریں گے

پیر 26 اکتوبر 2015 09:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26اکتوبر۔2015ء) پاکستان پیپلزپارٹی شہید بھٹو گروپ کی طرف سے ذوالفقار علی بھٹو جونیئر کو پارٹی چیئرمین بنائے جانے کا امکان ۔ 2016 میں ذوالفقار علی بھٹو جونیئر اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد باقاعدہ سیاست میں آنے کا اعلان کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی شہید بھٹو نے پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کا گراف نیچے آنے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی اور بھٹو خاندان کے حقیقی وارثان کو سیاست میں لانے کا پروگرام بنایا ہے ۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے جیالے جو پاکستان پیپلزپارٹی سے ناراض ہیں وہ جونیئر ذوالفقار علی بھٹو کے سیاست میں آنے سے بہت خوش ہوں گے اور دوبارہ عوام کے دلوں پر راج کرنے والی پیپلزپارٹی کو مضبوط کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کریں گے کیونکہ جیالے موجود پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کے رہمناؤں پر کرپشن کے الزامات کی وجہ سے مایوس ہو گئے ہیں اور وہ ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کی طرح کے لیڈر کو دیکھنا چاہتے ہیں جو اپنے جیالوں ، عوام اور جمہوریت کے لئے اپنی جان قربان کر گئے ۔ جونیئر ذوالفقار علی بھٹو چونکہ بھٹو خاندان کے حقیقی وارث ہیں اور وہ اپنے دادا اور پھوپھی کی طرح عوام میں مقبول ہوں گے ۔