بلدیاتی انتخابات،3ارب 80کروڑ اخراجات، 60 افراد جان سے گئے،امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کے اخراجات 10ارب سے تجاوز کر گئے، 8کروڑ سے زائد ووٹرز نے حق رائے دہی کا استعمال کیا ،6 لاکھ 90ہزار 624انتخابی عملہ، 2741ڈی آروز،آروز تعینات ، 4لاکھ 50ہزار پولیس اہلکاروں نے ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیے،کے پی کے میں پی ٹی آئی،پنجاب مسلم لیگ ن، سندھ میں پی پی پی کامیاب ہوئی،کراچی ایک بار پھر متحدہ کے نام رہا،تجزیاتی رپورٹ

پیر 7 دسمبر 2015 09:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ آن لائن۔7دسمبر۔2015ء)ملک بھر میں بلدیاتی انتخابات پر 3ارب 80کروڑ روپے کے اخراجات ہوئے ہیں جو عوام کے ٹیکسوں سے پورے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔تین صوبوں میں الیکشن کے موقع پر 60سے زائد افراد اپنی جان سے چلے گئے اور سینکڑوں زخمی ہو کر ہسپتالوں میں جا پہنچے ۔امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کے اخراجات کو ضرب تقسیم کیا جائے تو 10ارب سے تجاوز کر گئے۔

خبر رساں ادارے تجزیاتی رپورٹ کے مطابق بلدیاتی الیکشن میں 8کروڑ سے زائد ووٹرز نے رائے حق دہی کا استعمال کیا اور چھ لاکھ 90ہزار 624انتخابی عملہ کے ساتھ 2741ڈی آروز،آروز تعینات کیے گئے تھے ۔انتخابات میں 4لاکھ 50ہزار پولیس اہلکاروافسران نے ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیے۔ کینٹ بورڈ کے انتخابات 25اپریل 2015خیبر پختونخواہ میں 30مئی کو کرائے گئے ،صوبہ پنجاب اور سندھ میں تین مراحل میں بلدیاتی انتخابات کا دنگل سجایا گیا تھا پہلے مرحلے کے الیکشن 30اکتوبر،دوسرا مرحلہ 19نومبر اور تیسرا مرحلہ پانچ دسمبر 2015کو مکمل ہوا ہے جبکہ اسلام آباد میں تاریخ میں پہلی مرتبہ الیکشن 30نومبر کو ہوئے ،بلدیاتی الیکشن 95اضلاع میں 83893مختلف حلقوں میں الیکشن ہوئے ان انتخابات میں 305,431امیدواروں نے حصہ لیا ہے اور 82,840135رجسٹرڈووٹوں نے اپنے ووٹ کا استعمال کر کے ملک بھر میں اپنے نمائندوں کو کامیاب کروایا۔

(جاری ہے)

بلدیاتی الیکشن میں پاک فوج کی 171کمپنیوں رینجر کے ہزاروں جوانوں اور متعلقہ صوبوں سے چار لاکھ پچاس ہزار چھ سو 48 پولیس اہلکاروں اور افسروں نے خدمات سر انجام دیں ۔مجموعی طور پر تین صوبوں میں الیکشن لڑائی ،جھگڑے اور گولیوں کی بوچھاڑ میں ہوئے اور بلوچستان میں الیکشن پرامن رہا جو کہ ایک مثال بن گیا ہے ۔کے پی کے میں پی ٹی آئی ،پنجاب ،مسلم لیگ ن،اور سندھ میں پی پی پی کامیاب ہوئی جبکہ کراچی ایک بار پھر متحدہ کے نام رہا ہے ۔