صدر غنی کی پالیسیوں سے اختلافات، افغان خفیہ ایجنسی کا سربراہ مستعفی

جمعہ 11 دسمبر 2015 09:33

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11دسمبر۔2015ء)افغانستان کی خفیہ سروس کے سربراہ رحمت اللہ نبیل نے ملکی صدر اشرف غنی کی پالیسیوں سے اختلافات کے نتیجے میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سکیورٹی کہلانے والی ملک کی مرکزی انٹیلیجنس ایجنسی کے سربراہ نبیل نے اپنے استعفے کا اعلان ایک ایسے خط میں کیا، جو آج ہی ان کے دفتر کی طرف سے ملکی ذرائع ابلاغ کو بھیجا گیا۔

(جاری ہے)

خط کے مطابق رحمت اللہ نبیل کے استعفے کی وجہ ان کے ملکی صدر اشرف غنی کے ساتھ پائے جانے والے وہ اختلافات بنے، جن کا سبب صدر غنی کی پالیسیاں ہیں۔ خبر رساں ادارے کے مطابق رحمت اللہ نبیل کے استعفے کا ایک پس منظر حالیہ مہینوں میں افغانستان میں رونما ہونے والے وہ کئی واقعات بھی بنے ہیں، جو کابل حکومت کے لیے بڑے دھچکوں کے مترادف تھے۔ان میں سے ایک واقعہ شمالی افغان شہر قندوز پر طالبان کا حالیہ قبضہ بھی تھا اور پھر اسی ہفتے منگل کے روز جنوبی افغان شہر قندھار کے ہوائی اڈے پر کیا جانے والا افغانستان کے طالبان عسکریت پسندوں کا وہ حملہ بھی، جس میں عام شہریوں اور پولیس اور سکیورٹی اہلکاروں سمیت 50 افراد مارے گئے تھے۔