اسرائیل کا ایرو بیلسٹک میزائل شیلڈ کو مزید اپ گریڈ کرنے کے بعد فل انٹرسیپشن ٹیسٹ کی کامیابی کا دعویٰ، کسی بھی ممکنہ میزائل حملے کو یہ سسٹم فضاء میں ناکام بنا دے گا، اسرائیلی وزیر دفاع ، تجربہ امریکی میزائل ایجنسی کے ساتھ مشترکہ طور پر کیا گیا جبکہ یہ نظام بھی اسرائیل کی ائرو اسپیس انڈسٹریز اور امریکا کی بڑی کمپنی بوئنگ نے تیار کیا ہے

جمعہ 11 دسمبر 2015 09:35

مقبوضہ بیت المقدس(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11دسمبر۔2015ء) اسرائیل نے اپنے ایرو بیلسٹک میزائل شیلڈ کو مزید اپ گریڈ کرنے کے بعد فل انٹرسیپشن ٹیسٹ کی کامیابی کا دعویٰ کیا ہے۔ایران، شام اور حزب اللہ کا نام لیتے ہوئے اسرائیلی وزارت دفاع نے کہا کہ کسی بھی ممکنہ میزائل حملے کو یہ سسٹم فضاء میں ناکام بنا دے گا۔اسرائیلی وزارت دفاع کے مطابق ایرو-3 (Arrow-3) انٹرسیپٹر کی مدد سے تجرباتی طور پر بلیسٹک میزائل کے حملے کو ناکام بنایا گیا۔

یہ تجربہ امریکی میزائل ایجنسی کے ساتھ مشترکہ طور پر کیا گیا جبکہ یہ نظام بھی اسرائیل کی ائرو اسپیس انڈسٹریز اور امریکا کی بڑی کمپنی بوئنگ نے تیار کیا ہے۔ایرو-3 انٹرسیپٹر کے اس تجربہ کی 'کامیابی' کو ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

ایرو-3 اسرائیل کے دفاعی میزائل نظام کا ایک حصہ ہے ، جس کے لیے امریکا اس کی بڑے پیمانے پر مالی مدد کر رہا ہے، اس نظام کی یہ پہلی مکمل جانچ تھی، قبل ازیں ڈیزائنرز نے اس کی بناوٹ اور اہلیت پر سوالات اٹھائے تھے۔

اسرائیل کا فضائی دفاعی نظام کئی پرتوں پر مشتمل ہے، جس میں ایرو-3 بھی شامل ہے، جو کہ اس کو فلسطین میں غزہ یا لبنان سے ایران تک کسی میزائل حملے کے خدشات سے محفوظ بناتا ہے۔ایرو-3 کو اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ یہ اسرائیل کی فضائی حدود سے باہر ہی میزائل کی نشاندہی کرکے تباہ کر سکے گا جبکہ یہ بھی ممکن ہے کہ میزائل لانچنگ پیڈ کے قریب ہی تباہ کر دیا جائے۔

متعلقہ عنوان :