آئی وی ایف طریقے سے کتے کے پلّے کی پیدائش

جمعہ 11 دسمبر 2015 09:35

نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11دسمبر۔2015ء)امریکی سائنس دانوں کے مطابق کئی برسوں کی کوششوں کے بعد دنیا میں پہلی بار آئی وی ایف طریقے سے کتے کے پلّے پیدا ہوئے ہیں۔ان ویٹرو فرٹیلائزیشن (آئی وی ایف) طریقہ کار میں لیبارٹری میں مصنوعی طور پر بچوں کی پیدائش کے تولیدی عمل کا آغاز کیا جاتا ہے۔ اس طریقے کو ٹیسٹ ٹیوب بے بی بھی کہا جاتا ہے۔

کورنیل یونیورسٹی کے سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ آئی وی ایف طریقہ کار میں ہونے والی پیش رفت معدومیت کے خطرے سے دوچار نسلوں کے تحفظ کے لیے راہ ہموار کرنے اور انسانوں اور جانوروں کی بیماریوں کے خلاف جنگ میں مددگار ثابت ہو گی۔سروگیٹ ماں (متبادل کوکھ) سے بیِگل اور بِیگل کوکر سپینیل کی دوغلی نسل کے سات بچے پیدا ہوئے ہیں۔تمام بچے ایک ہی وقت پیدا ہوئے ہیں تاہم ان کے تین مختلف والدین ہیں۔

(جاری ہے)

کتوں میں منجمد جنین داخل کرنے کے لیے وہی طریقہ اختیار کیا گیا تھا جو کہ انسانی فرٹیلیٹی کلینکس میں استعمال کیا جاتا ہے۔ماضی میں منجمد ایمبریوز کے باعث مشکلات کا سامنا رہا ہے تاہم سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اب انھوں نے اس تکنیک میں مہارت حاصل کر لی ہے۔تحقیق کے سربراہ کورنیل کالج آف ویٹرنری میڈیسن کے ڈاکٹر ایلکس ٹریوس کہتے ہیں: ’ہمارے پاس سات صحت مند، ہنستے کھیلتے پلّے ہیں۔‘ان کا مزید کہنا تھا کہ ’1970 کی دہائی سے کتوں کے ساتھ یہ تجربہ کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی لیکن اس سے پہلے کبھی کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔