رمیز راجہ نے محمد عامر کی پاکستان سپر لیگ میں کھیلنے کی مخالفت کردی ، میں پاور میں ہوتا تو عامر کو کبھی دوبارہ نہیں کھیلنے دیتا ، پاکستان کی شہرت کو برباد کرنے والے دوبارہ کھیلنے کے حقدار نہیں ، پی ایس ایل ایشیا کی سب سے بڑی لیگ بن کر ابھرے گی ، رمیز راجہ

جمعہ 11 دسمبر 2015 09:04

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11دسمبر۔2015ء) سابق کپتان رمیز راجہ نے کہاہے کہ میں پاور میں ہوتا تو محمد عامر کو دوبارہ کبھی کھیلنے نہیں دیتا ، پاکستان کی شہرت کو برباد کرنے والے کو دوبارہ نہیں کھیلنے دیا جائے ، پی ایس ایل ایشیاء کی ایک بڑی لیگ بن کر ابھرے گی ۔ تفصیلات کے مطابق سپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ کھلاڑی محمد عامر کو پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ میں شامل کر لیاہے۔

پاکستان سپر لیگ میں 308 کھلاڑی کھیل رہے ہیں جن میں محمد عامر کا نام بھی شامل ہے جبکہ دوسری جانب معروف کمنٹیٹر رمیز راجہ نے محمد عامر کو پی ایس ایل میں کھلانے کی مخالفت کر دی ہے۔رمیز راجہ کا کہناتھاکہ اگر ان کے پاس اختیار ہوتا تو کبھی بھی محمدعامر کو پاکستان سپر لیگ میں کھیلانے کی اجازت نہیں دیتے اور محمد عامر نے پاکستان کا نام خراب کیاہے اس لیے انہیں کھیلنے کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں ،اس سے آمدنی بھی ہو گی اور ایشیا میں پی ایس ایل کا نام بڑی لیگ بن کر ابھرے گا۔واضح رہے کہ پاکستان سپرلیگ میں کھیلنے والے 308کھلاڑیوں میں محمد عامر کا نام بھی شامل ہے۔308کھلاڑیوں میں پاکستان کے بعد سب سے زیادہ انگلینڈ کے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے جن کی تعداد 59 ہے۔ اس کے علاوہ ویسٹ انڈیزکے 38، سری لنکا کے 22اور آسٹریلیاکے 10 کھلاڑیوں کے نام پی ایس ایل میں شامل کیے گئے ہیں۔