سانحہ منیٰ میں ہلاکتیں 3 گنا کم بتائی گئیں،انکشاف ، سانحے میں سعودی حکام کی جانب سے تصدیق کی گئی ہلاکتوں کے برعکس 3 گنا زائد یعنی کم از کم 2411 حجاج جاں بحق ہوئے ،رپورٹ

جمعہ 11 دسمبر 2015 09:35

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11دسمبر۔2015ء)رواں برس ستمبر میں سعودی عرب میں حج کے دوران پیش آنے والے سانحہ منیٰ کے تقریباً 3 ماہ بعد انکشاف ہوا ہے کہ سانحے میں سعودی حکام کی جانب سے تصدیق کی گئی ہلاکتوں کے برعکس 3 گنا زائد یعنی کم از کم 2411 حجاج جاں بحق ہوئے۔معروف غیر ملکی خبر رساں ادارے کے ان اعدادوشمار کے بعد رواں برس پیش آنے والے سانحہ منیٰ کو حج کی تاریخ کا بدترین سانحہ قرار دیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

سعودی عرب کو اپنے علاقائی حریف ایران اور دیگر ممالک کی جانب سے سانحے کی تحقیقات میں شامل نہ کرنے پر بھی تنقید کا سامنا کرنا پڑا جبکہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی جانب سے سانحے کی فوری تحقیقات کے حکم کے باوجود بھی بہت ہی کم معلومات کو عوام کے سامنے لایا گیا۔واضح رہے کہ ایران کی جانب سے منیٰ حادثے کے بعد حج کے تمام انتظامات کسی آزاد باڈی کو دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا جسے سعودی عرب نے یکسر مسترد کردیا تھا۔ان نئے اعداد وشمار کے مطابق سانحے میں سب سے زیادہ ایرانی حجاج جاں بحق ہوئے، جن کی تعداد 464 رہی۔ مالی کے 305،نائیجیریا کے 274 جبکہ مصر کے 190 حجاج کرام جاں بحق ہوئے