سعودی حکومت کا سعودی خواتین کو ائیرلائن کیٹرنگ شعبے میں کام کرنے کی اجاز ت کا فیصلہ ،وزارت خواتین کو کام کے لیے محفوظ اور صحت مند ماحول مہیا کرنا چاہتی ہے ،سعودی نائب وزیرصحت

جمعہ 11 دسمبر 2015 09:40

الریاض(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔11دسمبر۔2015ء)سعودی وزارت محنت نے سعودی خواتین کو بھی ائیرلائن کیٹرنگ کے شعبے میں کام کرنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کر لیااس بات کا اعلان سعودی عرب کے نائب وزیرصحت عبدالمنعم الشہری نے کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ وزارت سعودی ائیرلائنز کے ساتھ خواتین کو ملازمت کے مواقع مہیا کرنے کے لیے بات چیت کررہی ہے۔انھوں نے کہا کہ ''وزارت خواتین کو کام کے لیے محفوظ اور صحت مند ماحول مہیا کرنا چاہتی ہے۔

ہم سعودی خواتین کو کام کے بہتر مواقع کے علاوہ تربیت مہیا کرنے کے لیے ہیومین ریسوس فنڈ ،فنی اور پیشہ ورانہ تربیت کے مرکز اور جنرل آرگنائزیشن برائے سوشل انشورنس کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں''۔ الشہری کا کہنا ہے کہ وزارت محنت کا کام خواتین کو ملازمتیں دلوانے کے لیے صرف قواعد وضوابط وضع کرنا ہی نہیں ہے بلکہ نجی کمپنیاں خواتین کو روزگار کے مواقع مہیا کرنے کے لیے ہم سے رجوع کرسکتی ہیں۔

(جاری ہے)

درایں اثناء سعودی ائیرلائن کیٹرنگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وجدی غبان کا کہنا ہے کہ ان کی کمپنی خواتین کو مختلف شعبوں میں ملازمتوں کے لیے خوش آمدید کہتی ہے۔ہمارے یہاں خواتین مارکیٹنگ ،سیلز ،آپریشنل مینجمنٹ ،صحت ،تحفظ اور حفظان صحت کے شعبوں میں کام کررہی ہیں۔ہماری ملازم خواتین کی زیادہ تعداد سعودیوں پر مشتمل ہے۔کمپنی میں اس وقت 458 سعودی خواتین کام کررہی ہیں اور وہ کل ملازم خواتین کا 98.4 فی صد ہیں۔ وہ اپنے کام ،عہدے اور منصب کے مطابق اعلیٰ تعلیم اور تربیت یافتہ ہیں۔