انسان دشمن عناصر کی مسلمانوں اور عیسائیوں کو آپس میں دست وگریبا ں کرنے کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی،مصری مفتی اعظم

عقائد کے اختلاف کی بنیاد پر نفرت پھیلانے کا کوئی جواز نہیں،تقریب سے خطاب

ہفتہ 1 اپریل 2017 19:56

قاہرہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار اپریل ء)مصر کے مفتی اعظم ڈاکٹر شوقی علام نے کہا کہ مسلمانوں نے فتووحات کے بعد کبھی کسی مخالف مذہب کے مذہبی مراکز کو تباہ نہیں کیا۔ قاہرہ اور الجیزہ میں موجود عیسائیوں کی قدیم عبادت گاہوں کا جوں کا توں رہنا اس بات کا ثبوت ہے کہ مسلمان فاتحین نے عیسائیوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا ہے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شوقی علام نے کہا کہ ’بشری تنوع مشیت ایزدی ہے مگر عقائد کے اختلاف کی بنیاد پر نفرت پھیلانے کا کوئی جواز نہیں۔

(جاری ہے)

اسلام انسانوں کے درمیان بقائے باہمی کے اصول پر زور دیتا اور نفرت کو مسترد کرتا ہے‘۔ واضح رہے کہ مصر میں گذشتہ کچھ عرصے کے دوران عیسائیوں کی عبادت گاہوں کو حملوں کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔ سال 2016ئ کے دوران مصر میں گرجا گھروں پر متعدد حملے کیے گئے۔ ان میں سب سے خوفناک حملہ قاہرہ کے العباسیہ کے علاقے میں واقعے المرقسیہ کیتھڈرل چرچ میں حملہ ہے جس میں کم سے کم 25 افراد ہلاک اور 31 زخمی ہو گئے تھے۔مصر کے مفتی اعظم کا کہنا ہے کہ انسان دشمن عناصر مصر میں مسلمانوں اور عیسائیوں کو آپس میں دست وگریباں کرنا چاہتے ہیں مگر ان کی کوششیں کامیاب نہیں ہوں گی۔