کراچی ،جامعہ کراچی ٹیچر سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر ریاض احمد اور خاتون ڈاکٹر مہر افروز مراد گرفتار، نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا

ہفتہ 1 اپریل 2017 23:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار اپریل ء)قانون نافذ کرنے والے اداروں نے فوارہ چوک کے قریب سے جامعہ کراچی ٹیچر سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر ریاض احمد اور خاتون ڈاکٹر مہر افروز مراد کو حراست میں لے کر نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق یہ دونوں متحدہ قومی موومنٹ ( لندن ) کے رہنما پروفیسر حسن ظفر عارف کی رہائی کے حوالے سے پریس کانفرنس کرنے کراچی پریس کلب آ رہے تھے تاہم اس پریس کانفرنس کے انعقاد سے قبل ہی سکیورٹی اداروں کو اطلاعات موصول ہوئیں کہ کراچی پریس کلب میں ایم کیو ایم لندن کے حوالے سے کوئی پریس کانفرنس منعقد ہونے والی ہے ۔

اس اطلاع کے موصول ہوتے ہی رینجرز اور پولیس کی نفری کو کراچی پریس کلب کے اطراف تعینات کر دیا گیا ۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر نوین حیدر نے بتایا کہ ہمارا کسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی ہم سیاسی لوگ ہیں ۔ آج کی پریس کانفرنس کے انعقاد کا مقصد ہمارے سینئر استاد پروفیسر حسن ظفر عارف کی رہائی تھی ۔

پروفیسر حسن ظفر عارف بزرگ استاد ہیں اور ان کی طبعیت بہتر نہیں ہے ۔ انہیں علاج کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ آج کی پریس کانفرنس جامعہ کراچی ٹیچر سوسائٹی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر ریاض اور ڈاکٹر مہر افروز مراد نے کرنی تھی ۔ تاہم دوپہر دو بجے ہمارا ان سے رابطہ نہیں ہے اور ہمیں اطلاعات ملی ہیں کہ پروفیسر ڈاکٹر محمد ریاض ، ڈاکٹر مہر افروز مراد اور نغمانہ شیخ کو سکیورٹی اداروں نے حراست میں لے لیا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ ان تینوں کا تعلق کسی جماعت سے نہیں ہے اور نہ ہی یہ کسی سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ ان افراد کو حراست میں لینا آزادی اظہار رائے پر پابندی کے مترادف ہے ، جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا تعلق درس و تدریس سے ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ پروفیسر حسن ظفر عارف ، پروفیسر ڈاکٹر محمد ریاض احمد ، ڈاکٹر مہر افروز مراد اور نغمانہ شیخ کو فوری رہا کیا جائے ۔

دوسری جانب یہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ ڈاکٹر ریاض احمد اور مہر افروز مراد کا ایم کیو ایم لندن کے رہنماؤں کا مبینہ طور پر رابطہ تھا اور اسی وجہ سے انہیں حراست میں لیا گیا ہے ۔ ایم کیو ایم لندن کے ترجمان مصطفی عزیز آبادی کا کہنا ہے کہ پروفیسر ڈاکٹر محمد ریاض احمد اور ڈاکٹر مہر افروز مراد کا ایم کیو ایم سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی یہ ایم کیو ایم کے کوئی رکن ہیں ۔ یہ دونوں افراد پروفیسر حسن ظفر عارف کی رہائی کے حوالے سے پریس کانفرنس کرنے آ رہے تھے ۔ اطلاعات ہیں کہ انہیں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے حراست میں لے لیا ہے انہوں نے ان گرفتاریوں کی شدید مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ ان تمام حراست میں لیے گئے افراد کو فی الفور رہا کیا جائے ۔ #

متعلقہ عنوان :