کراچی،سندھ سرکار خواب خرگوش میں، صفائی کیلئے طلبا میدان میں آگئے

یونیورسٹی طالبعلموں نے کلین اپ نامی تنظیم بنا کر شہر کے مختلف علاقوں سے کچرا اٹھانے کا کام شروع کردیا

ہفتہ 1 اپریل 2017 22:57

․کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ اتوار اپریل ء) سندھ حکومت کی جانب سے شہر قائد کی صفائی انتظامات سے ہاتھ اٹھائے جانے کے بعد غیرسرکاری تنظیمیں اور طلبا اپنی مدد آپ کے تحت میدان آگئے ہیں۔کراچی سندھ کے دارالحکومت کے ساتھ ملک کا معاشی دارالخلافہ بھی کہلاتا ہے اور ماضی میں یہ شہر اپنی روشنیوں کی وجہ سے پہچانا جاتا تھا لیکن اب عروس البلاد کہلائے جانے والے کراچی کی پہچان کچرے کے ڈھیر ہیں جو سندھ حکومت کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے لیکن کیا کہیئے سندھ سرکار کے کہ اس حوالے سے اس کے کان پر جوں تک نہیں رینگتی لیکن شہرکا درد رکھنے والوں نے اپنی مدد آپ کے تحت کچرا صاف کرنے کا بیڑہ اٹھا لیا ہے جس کے لیے پہلے فکس اٹ کے رضا کار میدان میں آئے اوراب نجی یونیورسٹی کے طالب علم سڑکوں سے گند اٹھانے کے لئے میدان میں آگئے۔

(جاری ہے)

کلین اپ نامی طلبا کی تنظیم نے اپنی مدد آپ کے تحت کراچی کی مختلف سڑکوں سے کچرا اٹھانے کا کام شروع کردیا اور ابتدا میں تنظیم نے قیوم آباد اور ڈیفنس کے علاقوں سے کچرا اٹھایا جس کے بعد طالبعلم صفائی کرتے ہوئے منظور کالونی کے سروس روڈ تک پہنچ گئے۔نوجوان طالب علموں پر مشتمل کلین اپ تنظیم کے روح رواں محمد احسان کا کہنا ہے کہ انہوں نے کراچی میں صفائی کے ناقص انتظامات کے بعد 4 ماہ قبل اپنی مدد آپ کے تحت صفائی کا ارادہ کیا اور ابتدا میں 5 طالبعلم صفائی کے لئے اٹھے جس کے بعد دیکھتے ہی دیکھتے 25 لوگ اس کا حصہ بن چکے ہیں۔

احسان کے مطابق تنظیم کے تمام طالبعلم گھر میں ملنے والی پاکٹ منی میں سے ایک بڑا حصہ صفائی کے انتظامات پر خرچ کرتے ہیں جسے دیکھتے ہوئے عام لوگ بھی ان کی تنظیم کا حصہ بنتے ہوئے صفائی کے کاموں میں حصہ لے رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :