سعودی شاہ سلمان کا صدرالسیسی کے نام خط ،دہشت گردحملوں کی شدید مذمت

قبطی عیسائیوں کے گرجا گھروں میں بم دھماکوں میں انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہارافسوس

پیر 10 اپریل 2017 16:17

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل اپریل ء)سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مصر کے دو شہروں میں دہشت گردی کے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق سعودی شاہ سلمان نے صدر السیسی کے نام ایک تعزیتی خط بھیجا ہے۔

اس میں انھوں نے لکھا ہے کہ ہمیں مصر کے دو شہروں طنطا اور اسکندریہ میں دہشت گردی کے حملوں کی خبر سن کر گہرا صدمہ پہنچا ہے جن کے نتیجے میں متعدد ہلاکتیں ہوئی ہیں اور بیسیوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ہم دہشت گردی کی ان کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔انھوں نے مزید لکھا ہے کہ ہم سعودی عرب کی جانب سے عرب جمہوریہ مصر اور اس کے برادر عوام کو ان کی سلامتی کو درپیش کسی بھی خطرے کے مقابلے میں اپنی حمایت کا یقین دلاتے ہیں۔

(جاری ہے)

ہم سعودی عرب کی حکومت اور عوام کی جانب سے بم دھماکوں کے مہلوکین اور مجروحین کے خاندانوں کے ساتھ گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔ان کے لیے صبرجمیل کی دعا کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن نایف اور نائب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی الگ سے مصری صدر کے نام تعزیتی خطوط بھیجے ہیں۔

سعودی وزارت خارجہ کے ایک ذریعے نے کہا ہے کہ ان کا ملک اتوار کو قبطی عیسائیوں کے دو گرجا گھروں میں بم دھماکوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔اس ذریعے نے کہا کہ دہشت گردی کی یہ بزدلانہ کارروائیاں تمام مذہبی اصولوں، تعلیمات اور انسانی اقدار کے یکسر منافی ہیں۔مصر کے دوسرے بڑے اسکندریہ اور ایک اور شہر طنطا میں قبطی عیسائیوں کے دو گرجا گھروں میں مذہبی تقریبات کے دوران میں بم دھماکے ہوئے ہیں۔ان میں تینتالیس افراد ہلاک اور ایک سو سے زیادہ زخمی ہوگئے ہیں۔ سخت گیر جنگجو گروپ داعش نے ان دونوں بم حملوں کی ذمے داری قبول کرنے کا دعوی کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :