حلقہ پی پی 23پر ضمنی الیکشن نے پنجاب بھر کی توجہ حاصل کرلی

پیر 10 اپریل 2017 23:41

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل اپریل ء) حلقہPP23کے ضمنی الیکشن نے پورے پنجاب کے عوام کی عوام کی توجہ حاصل کر لی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کو پانامہ لیکس کے فیصلے کا شدت سے انتظار ہے اور پاکستان تحریک انصاف کے اس حلقے میں نامزد امیدوار کرنل سلطان سرخرو اور دیگر کا خیال ہے کہ پانامہ لیکس کا فیصلہ جلد آیا تو پھر 18اپریل کو عوام مسلم لیگ ن کے امیدوار ملک شہریار اعوان کیخلاف شدید رد عمل کا اظہار کریں گے۔

حمزہ شہبا زشریف کی بھی حلقے میں آمد کو اپوزیشن جماعتیں ان کی اخلاقی شکست قرار دی رہی ہیںکیونکہ ان کا خیال ہے کہ میاں محمد نواز شریف نے 2013کے جلسہ عام میں تلہ گنگ کو ضلع کا درجہ دینے کا اعلان کیا تھا جس پر عمل درآمد نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

لہٰذا تلہ گنگ کے عوام کے شدید رد عمل کے خدشے کے باعث حمزہ شہباز نے یہاں پر جلسہ کرنے کی جرات نہیں کی۔ آزاد امیدوار عدنان ملک نے ممتاز قادری کی شہادت کو سامنے رکھ کر اپنی انتخابی مہم کے ذریعے عوام کی توجہ حاصل کرنے کی کوشش کی ہے ۔

دیگر آزاد امیدوار بھی عوام کی کوئی قابل ذکر توجہ حاصل نہیں کرسکے ۔ مقابلہ مسلم لیگ ن کے شہریار اعوان اور پاکستان تحریک انصاف کے کرنل سلطان سرخرو کے درمیان ہے، جنہیں دیگر بڑی اپوزیشن جماعتوں کی بھی حمایت حاصل ہے۔ غیر جانبدار حلقوں کے مطابق کرنل سلطان سرخرو 18اپریل کو شہریار اعوان کا بھرپور مقابلہ کریں گے۔ کرنل سلطان سرخرو کی انتخابی مہم نے مسلم لیگ ن کے پسینے چھڑا دیے ہیں۔