راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر پولیس کا مسافروں پر تشدد ،خواجہ سعد رفیق نے نوٹس لے لیا

وزیرریلوے کی ہدایت پرگرفتار مسافر رہا ، تشدد کرنے والے پولیس اہلکار معطل کر دیے گئے ، واقعہ کی رپورٹ درج کرنے اور تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطح کمیٹی قائم کرنے کا حکم

پیر 10 اپریل 2017 23:38

اسلام آباد/راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل اپریل ء)وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر ریلوے پولیس کا مسافروں پر تشدد کا نوٹس لے لیا ، وزیرریلوے کی ہدایت پرگرفتار مسافر رہا جبکہ تشدد کرنے والے پولیس اہلکار معطل کر دیے گئے ۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر گرین لائن میں سوار ہونے والے مسافروں اور پولیس میں تصادم کے معاملے کا نوٹس لے لیا ۔

وزیر ریلوے نے آئی جی ریلوے سے رابطہ کر کے مسافروں کو تشدد کا نشانہ بنانے والے پولیس افسران کو فوری طور پر معطل کرنے کا حکم دے دیا اور کہا کہ گرفتار کئے گئے مسافروں کو رہا کیا جائے، واقعہ کی رپورٹ درج کی جائے اور تحقیقات کیلئے اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کی جائے ۔

(جاری ہے)

راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر پارکنگ اور ڈراپ لین کے مسائل حل کئے جائیں ۔ ترجمان ریلوے کے مطابق وزیر ریلوے کی ہدایت پر گرفتار مسافروں کو رہا کر دیا گیا جبکہ تشدد میں ملوث ایس ایچ او اور کانسٹیبل کو معطل کردیا گیا ۔

واقعہ کی تحقیقا ت کے لئے اے آئی جی انویسٹی گیشن راولپنڈی کی زیر صدارت تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی گئی ہے ۔ مقامی ایس پی ریلوے پولیس (آج) منگل کو انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش ہوں گے ، اگر اپنے اقدام کی صفائی نہ دے سکے تو عہدے پر نہیں رہیں گے ۔