کراچی،مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان ) نے دوبارہ جلسے کیلئے درخواست ڈپٹی کمشنر کے پاس جمع کرادی

پیر 24 جولائی 2017 23:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل جولائی ء)مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان ) نے بیت الحمزہ گرائونڈ میں دوبارہ جلسے کیلئے درخواست ڈپٹی کمشنر کورنگی کے پاس جمع کرادی۔ یاد رہے کہ 23جولائی کو بیت الحمزہ گرائونڈ میں ہونے والا جلسہ اپنے انعقاد سے گیارہ گھنٹے قبل پولیس اور انتظامیہ نے رکوادیا تھا جس کے بعد ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے چیئرمین آفاق احمد نے پیر کے روز دوبارہ درخواست جمع کرانے کا اعلان کیا تھا ۔

مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد بذات خود ڈپٹی کمشنر سے ملے اور درخواست جمع کرائی۔ ڈپٹی کمشنر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ 23جولائی کا جلسہ منسوخ کرکے مہاجر قوم کا مذاق اڑایا گیا لیکن ہم مایوس نہیں ہیں ،مہاجر عوام کے اتحاد کا مظاہرہ اور بیت الحمشزہ کا سنگ بنیاد ہر حال میں رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

آفاق احمد نے کہا کہ 30جولائی کو دوبارہ جلسہ کرنے کیلئے درخواست جمع کرائی ہے، اب گیند سندھ حکومت اور انتظامیہ کے کورٹ میں ہے لیکن یہ طے ہے کہ اپنے سیاسی حق سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔

مہاجر قوم کو تقسیم کرنے کیلئے حکومت جو چاہے کرے انہیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا کیونکہ جلسہ کی منسوخی کے بعد قوم اچھی طرح سمجھ گئی کہ اسکا حق کون غصب کررہا ہے۔#

متعلقہ عنوان :