مغوی افغان دیہاتیوں کی بازیابی کے لیے فورسز کی بڑی کارروائی

ہم نے کسی عام شہری کو اغواء کیا نہ ہی قتل، طالبان نے واقعے میں ملوث ہونے کی تردید کردی

پیر 24 جولائی 2017 13:29

کابل(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل جولائی ء)افغان پولیس نے 30دیہاتیوں کی تلاش کے لیے ایک بڑی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے، جنہیں ابھی دو دن قبل اغوا کیا گیا تھا۔ اس واقعے کی ذمہ داری طالبان پر عائد کی جا رہی ہے۔قندھار پولیس کے ترجمان ضیاء درانی نے غیرملکی خبررساں ادارے کوبتایاکہ جمعے کو تقریباً ستر افراد کو اغوا کیا گیا تھا، جن میں سے سات کی لاشیں ہفتے کے روز مل گئی تھی۔

ان کے بقول ہفتے کے روز ان میں سے تیس افراد کو رہا کر دیا گیا ہے جبکہ تیس بدستور اغوا کاروں کے قبضے میں ہیں۔ تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ ان افراد کو اغوا کرنے کا مقصد کیا تھا۔چند سرکاری اہلکاروں کی رائے میں ان افراد کو حکومت کا ساتھ دینے کے شک میں اغوا کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس علاقے میں طالبان حکومت مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ دوسری جانب طالبان نے اس واقعے میں ملوث ہونے کی تردید کرتے ہوئے کہاکہ ہمارے مجاہدین نے پولیس اہلکاروں اور حکومت نواز ملیشیا تنظیموں کے جنگجوؤں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائیاں کی ہیں اور انہیں ہلاک بھی کیا ہے۔

اس دورن پوچھ گچھ کے لیے سترہ افراد کو حراست میں بھی لیا گیا تھا، جنہیں بعد میں رہا کر دیا۔ ہم نے کسی عام شہری کو نہ اغوا کیا ہے اور نہ ہی قتل۔

متعلقہ عنوان :