گورنر سندھ محمد زبیر کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس

شناختی کارڈز وپاسپورٹس کے اجراء سے متعلق اٹھائے گئے اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی عوام کو سہولیات کی فراہمی اولین حکومتی ترجیح ہیں، عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن وسائل کو برائے کار لائے جائیں، گورنر سندھ محمد زبیرکی متعلقہ حکام کو ہدایت

پیر 24 جولائی 2017 23:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل جولائی ء) گورنر سندھ محمد زبیر کی زیر صدارت گورنر ہائوس میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر جنرل نادرا کرنل ( ریٹائر ) محمد احمد خٹک ،ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹس اینڈ امیگریشن سعید عباس سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے،اجلاس میں شناختی کارڈز اور پاسپورٹس کے اجراء اور اس ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی ، اس موقع پر گورنر سندھ نے کہاکہ عوام کو سہل سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے متعلقہ حکام عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن وسائل کو برائے کار لائیں ۔

انہوں نے کہا کہ طویل عرصہ سے عوام کو شناختی کارڈاور پاسپورٹ کے حصول کے لئے شدید دشواریوں کا سامنا کر ناپڑ تا تھا لیکن موجودہ حکومت نے متعلقہ حکام سے مل کر مر بوط اور موئثر اقدامات کے ذریعہ شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے عمل کو مزید سہل کردیا ہے جبکہ جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ مزید اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ سخت مراحل اور حائل مشکلات کے سبب کئی قانونی طور پر پاکستانی شہری اپنے شناختی کارڈ بنانے سے قاصر رہے جس کا منفی اثر یہ ہوا کہ ان کی ایک پوری نسل شناختی کارڈ سے تاحال محروم ہے اس ضمن میں متعلقہ حکام متاثرہ افراد کے شناختی کارڈز کے اجراء میں ان کی مدد کریں ۔

انہوں نے کہا کہ شناختی کارڈ بنانا ہر پاکستانی کا بنیادی حق ہے ،شناختی کارڈسے ہی ووٹر فہرست میں ناموں کا درست اندراج ممکن ہے ، حکومت کی پوری کوشش ہے کہ تمام پاکستانی آئندہ انتخاب میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جا رہا ہے اور آن لائن شناختی کارڈ بنانے کے عمل کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے اس سلسلہ میں چند آن لائن برانچزکا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پاسپورٹ بنانے کے عمل کو مزید سہل بنانے کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ، آن لائن پاسپورٹ بنانے کے عمل پر بھی کام تیزی سے جاری ہے، تاکہ لوگ اپنے گھروں میں بیٹھ کر اپنے پاسپورٹ بنا سکیں۔

متعلقہ عنوان :