شارجہ والے نوسربازوں سے ہوشیار رہیں

راتو رات امیر بننے کا جھانسہ دے کر لوگوں سے رقم ہتھیانے والے گروہ سرگرم

ہفتہ 28 جولائی 2018 17:48

شارجہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 28 جولائی 2018ء)شارجہ پولیس نے ریاست میں مقیم افراد کو تاکید کی ہے کہ وہ کسی بھی ایسے فراڈیئے افراد یا گروہ کے جھانسے میں نہ آئیں جو اُنہیں تھوڑی رقم کے بدلے بہت زیادہ منافع دینے کی ترغیب دے رہے ہوں۔ یہ یقینی طور پر فراڈ ہو سکتا ہے۔ کئی دھوکے باز لوگوں سے رقم ہتھیانے کے لیے اُنہیں یقین دلا رہے ہیں کہ اگر وہ اُنہیں رقم دیں تو چند دِنوں میں یا راتو رات اُن کی رقم دُگنی تِگنی ہو جائے گی۔

دھوکے بازوں کی طرف سے بھیجے جانے والے پیغامات کچھ یوں ہیں: ’محدود وقت میں کروڑ پتی بنیئے‘ یا ’جلد از جلد دولت مند ہو جائیں‘ ۔ شارجہ پولیس کے کمانڈر انچیف میجر جنرل سیف زِری الشمسی نے شارجہ ریڈیو کی جانب سے ایک لائیو پروگرام میں شرکت کے دوران شہریوں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ کئی کمپنیاں دھوکا دہی کے ساتھ لوگوں کو قرضوں کے جال میں ایسا پھنساتی ہیں کہ پھر اُن کی اس میں سے جان چھُٹنی مشکل ہو جاتی ہے۔

(جاری ہے)

ان دھوکا بازیوں کا سب سے بڑا نشانہ کم آمدنی والے نوجوان بنتے ہیں‘ جس کے بعد اُن کی سماجی اور خانگی زندگی مشکلات کا شکار ہو جاتی ہے۔ کئی نوجوان دھوکا دہی کا شکار ہو کر ذہنی دباؤ میں مبتلا ہو جاتے ہیں۔پولیس کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ کئی کمپنیاں ایسے آن لائن اشتہار پوسٹ کر رہی ہیں جن میں لوگوں کو رقم انویسٹ کرنے کی صورت میں خوش آئند مستقبل کی نوید سُنائی جاتی ہے۔

ایسی ہی ایک مثال میں‘ اک کمپنی نے تشہیر کی کہ اگر کوئی شخص 37 ہزار اماراتی درہم کی سرمایہ کاری کرے گا تو اُسے صرف پندرہ ماہ کے اندر چوہتر ہزار اماراتی درہم لوٹائے جائیں گے یعنی اُسے اُس کی رقم دُگنا ہو کر مِلے گی۔میجر جنرل الشمسی نے عوام کو تاکید کی کہ ایسے فراڈ پر مبنی اشتہارات کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں تاکہ سینکڑوں ہزاروں لوگوں کو عمر بھر کی جمع پُونجی سے محروم ہونے سے بچایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :