الیکشن کمیشن ملک بھر میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کروائے،سیاسی جماعتوں کی رضا مندی سے کمیشن بننا چاہیے‘ پرویز رشید

شکست فاش کے بعد چودھری نثار کو شیر کی اہمیت کا اندازہ ہوگیا ہوگا،جسکے پاس اکثریت ہو اس کی حکومت بننی چاہیے ‘گفتگو

ہفتہ 28 جولائی 2018 22:34

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 28 جولائی 2018ء)مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن ملک بھر میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کروائے،تمام سیاسی جماعتوں کی رضا مندی سے فوری طور پر کمیشن بننا چاہیے،شکست فاش کے بعد چودھری نثار کو شیر کی اہمیت کا اندازہ ہوگیا ہوگا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ پیپلزپارٹی جمہوری جماعت ہے وہ ہمارا ساتھ دے۔

پی ٹی آئی جونیاپاکستان کی بات کرتی تھی وہ دبائو سے آزادامیدواروں کو اپنے ساتھ ملارہی ہے۔ انہو ں نے کہا کہ شہبازشریف کے بارے میں پارٹی نے فیصلہ کیا ہے وہ قومی اسمبلی میں اپنا بھرپور کرداراداکریں گے۔ انہوں نے کہا کہ (ن) لیگ کے پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 کیوں نہیں دیا گیا ،الیکشن کمیشن ملک بھر میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کروائے جبکہ الیکشن نتائج پرتمام سیاسی جماعتوں کی رضا مندی سے فوری کمیشن بننا چاہیے۔

(جاری ہے)

پرویز رشید نے کہا کہ شکست سے چودھری نثار کو شیر کی اہمیت کا اندازہ ہوگیا ہوگا، چودھری نثار کو دو حلقوں میں شکست فاش ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں پی ٹی آئی کوخیبر پختوانخواہ میں اکثریت نہ ہونے کے باوجود حکومت بنانے دی ، جس کے پاس اکثریت ہو اس کو حکومت بنانی چاہیے ۔