وادی کیلاش میں بھی تبدیلی نے قدم رکھ دئیے

پہلی بار تحریک انصاف کی مخصوص اقلیتی نشست پر کیلاش نوجوان وزیرزادہ اسمبلی کا حصہ بن گئے

ہفتہ 28 جولائی 2018 22:49

چترال(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 28 جولائی 2018ء):وادی کیلاش میں بھی تبدیلی نے قدم رکھ دئیے۔ پہلی بار تحریک انصاف کی مخصوص اقلیتی نشست پر کیلاش نوجوان وزیرزادہ اسمبلی کا حصہ بن گئے۔تفصیلات کے مطابق چترال پاکستان کا مشہور و معروف سیاحتی خطہ ہے ۔یہ خطہ نہ صرف اپنی قدرتی خوبصورتی کے باعث مشہور ہےبلکہ مخصوص ثقافت بھی اس خطے کے حسن کو چار چاند لگاتی ہے۔

یہی وجہ ہے کہ ہر سال لاکھوں کی تعداد میں سیاح وادی چترال میں آتے ہیں۔یہاں کی کیلاش برادری اپنی مخصوص روایات اور معاشرتی اقدار کی وجہ سے دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان بن گئی ہے۔تاہم اس برادری کو ایک عرصے سے محرومیوں کا سامنا کرنا پڑرہا تھا اور اسکی بنیادی وجہ ایوان اقتدار میں ان کی نمائندگی کا نہ ہونا تھا۔

(جاری ہے)

تاہم اب پاکستان تحریک انصاف اس علاقے میں بھی تبدیلی کی علمبردار بن چکی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف نے اس مرتبہ اقلیتی نشست پر کیلاش نوجوان وزیرزادہ کو پارٹی نمائندگی دی گئی ۔جنہوں نے پی کے 1 سے فتح حاصل کر لی جس کے بعد پہلی مرتبہ کیلاش برادری کو پاکستان کے ایوان اقتدار میں جگہ ملی ہے۔الیکشن میں پی ٹی آئی کے جیتنے پر علاقے بھر میں جشن منایا گیا اور روایتی رقص کر کے خوشی کا اظہار کیا گیا۔یاد رہے کہ 25 جولائی کو پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے انتخابات انعقاد پذیر ہوئے جس میں دس کروڑ سے زائد ووٹرز نے حق رائے دہی استعمال کرنا تھا،تاہم الیکشن کمیشن کی جانب کردہ اعداد و شمار کے مطابق 52 فیصد ٹرن آوٹ رہا ۔

انتخابات کے نتائج کے حوالے سے بات کی جائے تو اب تک پاکستان تحریک انصاف کو دیگر سیاسی جماعتوں پر واضح برتری حاصل ہے۔اب تک تحریک انصاف کی نشستوں کی تعداد 115 تک جا پہنچی ہے۔جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف مرکز میں حکومت بناتی نظر آئی گی۔پنجاب میں بھی تحریک انصاف کی پوزیشن حکومت بنانے کے لیے فیورٹ ہو چکی ہے جبکہ خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف بھاری اکثریت سے حکومت بنائے گی۔