ایفی ڈرین کیس: توڑ پھوڑ کرنیوالے لیگی کارکنوں کی عبوری ضمانتوں میں توسیع

کیپٹن (ر)صفدر کی گرفتاری میں رکاوٹ ڈالنے والے مسلم لیگ( ن )کے قائدین کی درخواست ضمانتیں منظور کر لی گئیں

ہفتہ 28 جولائی 2018 22:41

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 28 جولائی 2018ء)راولپنڈی کی ماتحت عدالتوں نے سابق رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی کے خلاف ایفی ڈرین کیس کے فیصلے کے بعد کمرہ عدالت کے باہر توڑ پھوڑ کرنے والے ملزمان کی عبوری ضمانتوںمیں بھی10 اگست تک توسیع کر دی ہے جبکہ کیپٹن (ر)صفدر کی گرفتاری میں رکاوٹ ڈالنے والے مسلم لیگ ن کے قائدین کی درخواست ضمانتیں منظور کر لی ہیں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سعادت حسین ملک اور عطا ربانی کے روبروگزشتہ روز سماعت کے موقع پرسینیٹر چوہدری تنویر،سابق رکن صوبائی اسمبلی شکیل اعوان سمیت تمام ملزمان عدالت میں موجود تھے ملزمان کے خلاف درج 4الگ الگ مقدمات میں عبوری ضمانتیں کنفرم کر دی گئیں نامزد ملزمان کے خلاف نیب اور پولیس نے تھانہ سٹی،نیو ٹائون اور تھانہ وارث خان میں 4الگ الگ مقدمات درج کئے گئے تھے عدالت نے مقدمات میں قابل ضمانت دفعات ہونے اور وکلا کے دلائل سننے کے بعد تمام ملزمان کی عبوری ضمانتیں کنفرم کر لی ہیںادھرسابق رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی کے خلاف ایفی ڈرین کیس کے فیصلے کے بعد کمرہ عدالت کے باہر توڑ پھوڑ کرنے والے ملزمان کی عبوری ضمانتوںمیں بھی10 اگست تک توسیع کر دی گئی ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈسیشن جج عرفان احمد شیخ کے رخصت پر ہونے کے باعث ملزمان کی ضمانتوں میں توسیع کرتے ہوئے کسی کاروائی کے بغیر سماعت ملتوی کر دی گئی تھانہ سول لائن پولیس 21جولائی کو انسداد منشیات راولپنڈی کی عدالت کے اہلمد کی مدعیت میں حنیف عباسی کے صاحبزادے عماد عباسی اورسابق ایم پی اے ضیا اللہ شاہ سمیت 4 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔