عمران خان کی جانب سے پانچ جیتی ہوئی نشستوں میں سے این اے 131چھوڑنے کی صورت میں ممکنہ طو رپر نیا محاذ کھل سکتا ہے

ولید اقبال کیساتھ حال ہی میں تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والے ہمایوں اختر بھی مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آ گئے (ن) کی جانب سے سعد رفیق یا خواجہ احمد حسان کو امیدوار نامزد کئے جانے کی صورت میں ہمایوں اختر مضبوط امیدوار ہوسکتے ہیں ‘ ذرائع

ہفتہ 28 جولائی 2018 19:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 28 جولائی 2018ء)تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے قومی اسمبلی کی پانچ جیتی ہوئی نشستوں میں سے این اے 131چھوڑنے کی صورت میں ممکنہ طو رپر ایک نیا محاذ کھل سکتا ہے ، ولید اقبال کے ساتھ حال ہی میں تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والے ہمایوں اختر بھی مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آ گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کیلئے عام انتخابات میں قومی اسمبلی کی جیتی ہوئی پانچ نشستوں میں سے صرف ایک نشست کا فیصلہ کرنا مشکل ہوگا اور اس کیلئے مشاورت بھی جاری ہے ۔ تاہم لاہور کے حلقہ این اے 131کوچھوڑنے کی صورت میں انہیں ممکنہ طور پر ایک محاذ کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔ ویسے تو عمران خان اس نشست کیلئے ولید اقبال سے پیشگی وعدہ کر چکے ہیں تاہم حال ہی میں (ن) لیگ کو چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے اور این اے 131میں پارٹی کی کامیابی کے لئے کردار ادا والے ہمایوں اختر بھی اس نشست پر امیدوار ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق اگر اس نشست پر ضمنی انتخاب میں(ن) لیگ کی جانب سے خواجہ سعد رفیق یا خواجہ احمد حسان کو امیدوار نامزد کیا جاتا ہے تو ایسے میں ولید اقبال کی بجائے ہمایوں اختر مضبوط امیدوار ہوسکتے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق اس نشست پر ضمنی انتخاب لڑنے کیلئے لابنگ شروع کر دی گئی ہے تاہم کوئی بھی حتمی فیصلہ عمران خان کے نشست چھوڑنے کی صورت میں ہی سامنے آئے گا۔