تحریک انصاف کا وہ نوجوان جس نے شاہ محمود قریشی کی جانب سے ٹکٹ نہ دینے پر آزاد حیثیت میں الیکشن لڑ کر انہیں شکست دی

ملتان کے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 127 پر تحریک انصاف کے نوجوان رہنما اور آزاد امیدوار سلمان نعیم نے شاہ محمود قریشی کو شکست سے دوچار کرکے ان کے وزیراعلی پنجاب بننے کا خواب چکنا چور کیا

ہفتہ 28 جولائی 2018 20:24

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 28 جولائی 2018ء)تحریک انصاف کا وہ نوجوان جس نے شاہ محمود قریشی کی جانب سے ٹکٹ نہ دینے پر آزاد حیثیت میں الیکشن لڑ کر انہیں شکست دی، ملتان کے پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 127 پر تحریک انصاف کے نوجوان رہنما اور آزاد امیدوار سلمان نعیم نے شاہ محمود قریشی کو شکست سے دوچار کرکے ان کے وزیراعلی پنجاب بننے کا خواب چکنا چور کیا۔

تفصیلات کے مطابق 25 جولائی کو ہونے والے پاکستان کے دسویں عام انتخابات میں بڑے بڑے اپ سیٹ دیکھنے میں آئے۔ بیشتر نشستوں پر تحریک اںصاف کے رہنماوں نے کئی تگڑے سیاستدانوں کو شکست دے کر ان کا سیاسی کیرئیر ختم کردیا۔ تاہم کچھ نشستوں پر تحریک انصاف کو بھی اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

ایسا ہی ایک اپ سیٹ ملتان میں پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 127 پر بھی ہوا۔

اس نشست پر تحریک انصاف کے وائس چئیرمین شاہ محمود قریشی انتخاب لڑ رہے تھے۔ شاہ محمود قریشی وزیراعلی پنجاب بننے کے خواہش مند ہیں، اسی لیے قومی اسمبلی کے ساتھ ساتھ صوبائی اسمبلی کی نشست سے بھی انتخاب لڑ رہے تھے۔ تاہم ملتان کے حلقہ پی پی 127 پر شاہ محمود قریشی کو اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ شاہ محمود قریشی کو ان کے ماضی کے ساتھی نے ہی شکست سے دوچار کیا۔

شاہ محمود قریشی کو ایک نوجوان سلمان نعیم کے ہاتھوں شکست ہوئی۔ سلمان نعیم تحریک انصاف کے ہی رہنما ہیں تاہم شاہ محمود قریشی نے انہیں ٹکٹ دینے سے انکار کردیا تھا۔ ٹکٹ نہ ملنے کے بعد سلمان نعیم نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑا اور پھر شاہ محمود قریشی کو شکست دے کر ٹکٹ نہ دیے جانا کا بدلہ لے لیا۔ اب سلمان نعیم نے شاہ محمد قریشی کے حریف رہنما جہانگیر ترین کیساتھ روابط بھی قائم کر لیے ہیں اور انہوں نے دوبارہ سے تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔