سیاست سے ہارس ٹریدنگ کا خاتمہ کرنا ہوگا‘ پرویز رشید

ہم نے 2013 ء میں تحریک انصاف کو اکثریت نہ ہونے کے باوجود کے پی کے میں حکومت قائم کرنے دی اب تحریک انصاف بھی بیساکھیوں کے سہارے زبردستی حکومت بنانے کی ضد نہ کرے چوہدری نثار کو شیر کی اہمیت کا اندازہ ہوگیا ہے دونوں حلقوں میں شکست فاش کا سامنا کرنا پڑا،انٹرویو

ہفتہ 28 جولائی 2018 22:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 28 جولائی 2018ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنماء سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ سیاست سے ہارس ٹریدنگ کا خاتمہ کرنا ہوگا‘ ہم نے 2013 ء میں تحریک انصاف کو اکثریت نہ ہونے کے باوجود کے پی کے میں حکومت قائم کرنے دی اب تحریک انصاف بھی بیساکھیوں کے سہارے زبردستی حکومت بنانے کی ضد نہ کرے۔

چوہدری نثار کو شیر کی اہمیت کا اندازہ ہوگیا ہے دونوں حلقوں میں شکست فاش کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ 2013 ء کے انتخابات میں تحریک انصاف کے پاس کے پی کے میں اکثریت نہ ہونے کے باوجود ہم نے انہیں حکومت بنانے کا موقع فراہم کرکے رواداری کی مثال قائم کی اس لئے اب تحریک انصاف بھی مانگے تانگے کی بیساکھیوں والی حکومت بنانے سے گریز کرے اور جہاں جس جماعت کی اکثریت ہے اسے حکومت بنانے کا موقع ملنا چاہیے اور سیاست سے ہارس ٹریڈنگ کا خاتمہ ہونا چاہیے پرویز رشید نے کہا کہ 25 جولائی کے ایجنڈے نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے موقف کو مزید تقویت دی ہے اگر ہمارے ووٹوں کو چوری نہیں کیا گیا تو فارم 45 چھپا کر اور گنتی روک کر نتائج تبدیل کرنے کی کوشش کیوں کی جارہی ہے، الیکشن کمیشن نے ن لیگ کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا ہے ،،الیکشن کمیشن ن لیگ کی درخواستوں کو مسترد کر رہی ہے کیوں ہمارے امیدواروں کے ساتھ ایسا رویہ رکھا جا رہا ہے،ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار کو دو حلقوں میں شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے تو انہیں شیر کی اہمیت کا اندازہ ہوگیا ہوگا چوہدری نثار سمجھتے تھے کہ مسلم لیگ (ن) کے بغیر جیت جائیں گے یہ ان کی غلط فہمی تھی اور عوام نے ان کی جیپ میں سوار ہونے سے انکار کردیا۔