عام انتخابات کے بعد نئی سیاسی صورتحال،مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مابین رابطے

شہباز شریف نے خورشید شاہ کو فون ،تازہ سیاسی صورتحال پر بات چیت پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی ہدایت پر خورشید شاہ آج شہباز شریف سے ملاقات کریں گے

ہفتہ 28 جولائی 2018 22:41

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 28 جولائی 2018ء) عام انتخابات کے بعد نئی سیاسی صورتحال سامنے آنے کے بعد مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مابین رابطے ہوئے ہیں ،مسلم لیگ( ن) کے صدر شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کو فون کیا ہے جس میں تازہ سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ جبکہ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی ہدایت پر خورشید شاہ آج اتوار کو اسلام آباد میں شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ہفتہ کے روز مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں سابق قائد حزب اختلاف اور پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے جس میں نئی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ شہباز شریف نے خورشید شاہ کو ملاقات کی دعوت دی۔ خورشید شاہ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی ہدایت پر آج اسلام آباد میں شہباز شریف سے ملاقات کر رہے ہیں جس میں اے پی سی میں سامنے آنیوالی قومی اسمبلی میں حلف نہ لینے کی تجویز پر بھی غور کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مشترکہ اپوزیشن پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔