علی امین گنڈا پور کی مولانا فضل الرحمان کو ناقابل یقین پیشکش

دھاندلی کا شور نہ مچائیں ،دوبارہ میدان میں آکر دیکھ لیں ،علی امین گنڈا پور

ہفتہ 28 جولائی 2018 20:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 28 جولائی 2018ء)علی امین گنڈا پور نے مولانا فضل الرحمان کو ناقابل یقین پیشکش کرڈالی۔علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان دھاندلی کا شور نہ مچائیں ،دوبارہ میدان میں آکر دیکھ لیں۔ہم انکی شرارت کی سیاست کو دفن کردیں گے ۔تفصیلات کے مطابق انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف مسلم لیگ ن ،ایم ایم اے ،اے این پی اور دیگر جماعتوں کی کل جماعتی کانفرنس کل اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔

کل جماعتی کانفرنس کے اختتام پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم ایم اے کے مولانا فضل الرحمان نے انتخابات کو مسترد کرتے ہوئے انتخابات دوبارہ کروانے کا اعلان کردیا۔مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں پرمشتمل آل پارٹیزکانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

(جاری ہے)

اے پی سی کی میزبانی شہبازشریف نے کی۔ شہبازشریف کی دعوت پرحاصل خان بزنجو،اسفندیارولی،محمود اچکزئی،فاروق ستار،مصطفیٰ کمال نے شرکت کی۔

اے پی سی نے انتخابات کومسترد کردیا ہے۔یہ عوام کا مینڈیٹ نہیں،عوام کے مینڈیٹ پرڈاکا ہے۔ازسرنوشفاف انتخابات کےانعقاد پراتفاق کیا ہے۔تاہم اس کانفرنس کا کوئی نتیجہ نکلتا نظر نہیں آرہا ۔بلاول بھٹو نے اس کانفرنس کے فیصلوں پر اتفاق کرنے سے ہچکچاہٹ کا اظہار کیا تو مسلم لیگ ن کے خواجہ آصف بھی ان فیصلوں کو جمہوریت مخالف کہہ رہے ہیں ۔اس موقع پر مولانا فضل الرحمان کو شکست دینے والے علی امین گنڈا پور نے مولانا فضل الرحمان کو ناقابل یقین پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان دھاندلی کا شور نہ مچائیں جس طرح چاہتے ہیں انتخابات کی تحقیقات کروا لیں۔

اگر زیادہ شوق ہے تو دوبارہ میدان میں آجائیں ،اپنی مرضی کے انتظامات کرنے ہیں تو بھی مقابلہ کرنے کو تیار ہوں۔انکا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ مولانا انتخابات میں اترنے کی حماقت نہیں کریں گے کیونکہ وہ جانتے ہیں ان کی ہار کا مرجن دوہرا ہوگا۔انکا مزید کہنا تھا کہ ہمارا عزم ہے کہ مولانا کی شرارت سیاست کو دفن کردیں گے۔