شارجہ میں جعلی کرنسی بناکر فروخت کرنے والا غیرملکی گروہ پکڑا گیا

ملزمان نے امارات میں رقم چھاپنے کے لیے استعمال ہونے والی مشین سے مختلف کرنسیوں کی جعلی رقم تیار کی

Sajid Ali ساجد علی پیر 12 دسمبر 2022 08:19

شارجہ میں جعلی کرنسی بناکر فروخت کرنے والا غیرملکی گروہ پکڑا گیا
شارجہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 12 دسمبر 2022ء ) متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں جعلی کرنسی بناکر فروخت کرنے والا گروہ پکڑا گیا، جعل سازوں نے نقدی کے بدلے جعلی بلوں کا تبادلہ کرنے کی منصوبہ بندی کا اعتراف کیا۔ دی نیشنل نیوز کے مطابق شارجہ میں جعلی نوٹ تیار کرنے اور فروخت کرنے کی کوشش کرنے والے 8 افراد کو گرفتار کر لیا گیا، ان کے خلاف جعلسازی کا مقدمہ استغاثہ کو منتقل کر دیا گیا ہے، شارجہ پولیس کے کرمنل انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ نے کہا کہ انہوں نے ایسی مشینیں اور اوزار بھی قبضے میں لے لیے ہیں جو امارات میں رقم چھاپنے کے لیے استعمال ہوتے تھے۔

شارجہ پولیس کے سی آئی ڈی کے ڈائریکٹر کرنل عمر احمد ابو الزود نے کہا کہ پولیس کو ان افراد کی سرگرمیوں کے بارے میں اطلاع ملی تھی جو حال ہی میں ملک میں آئے تھے، مشتبہ افراد بہت احتیاط سے آگے بڑھ رہے تھے لیکن شارجہ پولیس کے افسران نے موثر اور تیزی سے کام کیا اور انہیں یکے بعد دیگرے گرفتار کرنے میں کامیاب ہو گئے، ان آٹھ افراد نے اعتراف کیا کہ انہوں نے مختلف کرنسیوں کی جعلی رقم تیار کی جس کا مقصد اسے کم قیمت میں بیچنے کے لیے اصلی نقد رقم کا تبادلہ کرنا تھا، مشتبہ افراد کے قبضے سے ملنے والے بینک نوٹ عام آدمی کو آسانی سے بے وقوف بنا سکتے تھے، لوگ کسی بھی مجرمانہ سرگرمیوں کے بارے میں حکام کو مطلع کریں جو ان کی توجہ میں آسکتی ہے۔

(جاری ہے)

ادھر دبئی میں جعلسازوں نے پولیس کا روپ دھار کر ایشیائی سرمایہ کار کو اغوا کرکے 12 لاکھ درہم سے زائد کی رقم ہتھیالی، دونوں افراد کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی ہے اور انہیں چوری کی رقم کے برابر جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔ مقامی میڈیا کے مطابق پولیس کا روپ دھارنے اور ایک ایشیائی سرمایہ کار کو اغوا کرنے کے الزام میں 2 افراد کو جیل بھیج دیا گیا ہے جنہوں نے فراڈ سے 12 لاکھ درہم سے زائد کی رقم چرائی تھی، اس حوالے سے ایک ایشیائی سرمایہ کار نے رپورٹ درج کروائی جس میں کہا گیا کہ اسے ایک خلیجی شہری اور دوسرے ایشیائی شہری نے لوٹا ہے۔

متاثرہ نے مزید کہا کہ پہلے اور دوسرے مدعا علیہ نے اسے بتایا کہ وہ سی آئی ڈی کے افسر ہیں اور ان سے پوچھ گچھ کی کہ اس کے بیگ میں کیا ہے؟ اس کے بعد انہوں نے اس سے کہا کہ وہ ان کے ساتھ پولیس اسٹیشن جائے تاکہ اس کے پاس موجود رقم کی قانونی حیثیت کی چھان بین کرے، جس پر متاثرہ شخص ان کے ساتھ گاڑی میں بیٹھ گیا، پہلے مدعا علیہ نے گاڑی دبئی میں النہدہ کی طرف چلائی اور پھر بیگ کو پیچھے چھوڑ کر گاڑی سے نیچے اترنے کو کہا، جیسے ہی وہ نیچے اترا مجرم واپس گاڑی کی طرف بھاگا اور رقم لے کر فرار ہوگیا۔

شارجہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں