اسٹیبلشمنٹ کا کردار بدلتا رہتا ہے،اس وقت اسٹیبلشمنٹ کی لیڈر شپ دیانتدار ہے،رانا ثناء اللہ

بدھ 10 اپریل 2024 14:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2024ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر،سابق وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ خاں نے فیصل آباد میں عید الفطرکی ادائیگی کے بعدعوام میں گھل مل گئے اور پوری قوم کو عید کی مبارک باد پیش کی۔انہو ں نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہماری مشکلات کو آسان کرے اور اللہ تعالیٰ فلسطین اور کشمیر کے مسلمانوں کو آزادی عطا فرمائے ۔

انہوں نے کہا کہ میں قائد میاں نواز شریف کی صحتیابی کے لیے دعا گو ہوں۔ سیاسی جماعتیں اسمبلی میں موجود ہیں تاہم کچھ جماعتیں سیاسی عدم استحکام پیدا کررہی ہیں۔ ملک معاشی دلدل میں دھنسا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں گزشتہ پانچ سال سے معاشی عدم استحکام ہے،2018 سے قبل کی حکومت کو ڈی ٹریک کیا گیا۔

(جاری ہے)

رانا ثنا اللہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں مسلم لیگ ن کی حکومت میں صوبائی صدر ہوں ,میرا نکتہ نظر ہے کہ پارلیمانی ممبران کو عہدے ملنے چاہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کا کردار دنیا میں کہیں بھی ختم نہیں ہوتا تاہم اسٹیبلشمنٹ کا کردار بدلتا رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت اسٹیبلشمنٹ کی لیڈر شپ دیانتدار ہے۔ رانا ثنا اللہ خاں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن اور محمود خان اچکزئی سمیت دیگر لوگ ہمارے ساتھی رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست میں ہر پارٹی اور شخص کا اپنا اپنا نقطہ نظرہے۔

سیاست میں کچھ لوگ کسی کا وجود برداشت نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ ان کے ساتھ اختلافات کو بہتر انداز میں ڈیل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت کی بہت ساری مجبوریاں ہوتی ہیں۔ اس لئے اتحادی حکومتوں کو”کچھ لو اور کچھ دو“ کے اصول کے تحت حکومتیں چلانا پڑتی ہیں جس کے باعث بہت سارے آزاد لوگ اس وقت حکومت کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے اسی لئے حالیہ الیکشن میں عوام سے سادہ اکثریت کی اپیل کی تھی۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں