مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی زیرصدارت پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے

پارلیمانی پارٹی اجلاس نے حکومت کے پیش کردہ بجٹ کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے اسے مکمل طورپر مسترد کردیا اجلاس کے آغاز میں بیگم کلثوم نواز کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی اور تمام اہلخانہ کے لئے صبرجمیل کی دعا کی گئی۔ شہبازشریف نے حکومت کے پیش کردہ منی بجٹ پر پارلیمانی پارٹی کے ارکان کو بریفنگ دی، مریم اورنگزیب عوام کو سہانے خواب دکھانے والی پی ٹی آئی ایک ڈراؤنا خواب بنتی جارہی ہے۔ گیس، بجلی، پٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے عوام بالخصوص غریبوں کی نیندیں اڑا دی ہیں، اجلاس

پیر 24 ستمبر 2018 20:48

مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی زیرصدارت پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اہم فیصلے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 ستمبر2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس پیر کی شام پارلیمنٹ ہاؤس میں پارٹی صدر قائد حزب اختلاف شہبازشریف کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ پارٹی ترجمان سابق وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کے پیر کی شام جاری کردہ بیان کے مطابق اجلاس کے آغاز میں بیگم کلثوم نواز کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی اور تمام اہلخانہ کے لئے صبرجمیل کی دعا کی گئی۔

شہبازشریف نے حکومت کے پیش کردہ منی بجٹ پر پارلیمانی پارٹی کے ارکان کو بریفنگ دی۔ پارلیمانی پارٹی اجلاس نے حکومت کے پیش کردہ بجٹ کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے اسے مکمل طورپر مسترد کردیا۔ اجلاس نے کہاکہ عوام کو سہانے خواب دکھانے والی پی ٹی آئی ایک ڈراؤنا خواب بنتی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

گیس، بجلی، پٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے عوام بالخصوص غریبوں کی نیندیں اڑا دی ہیں۔

پارٹی نے عزم ظاہر کیا کہ عوام کے حقوق کے لئے مسلم لیگ (ن) پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی اور قوم کو مایوس نہیں ہونے دے گی۔ پارلیمانی پارٹی نے بھارتی آرمی چیف کے بیان کو امن دشمن، غیرذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی اور اس عزم کا اظہارکیا کہ مادروطن کے تحفظ، سلامتی اور دفاع کے لئے پوری قوم متحد اور یک زبان ہے۔

قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بہ شانہ ہے اور کسی بھی ’مس ایڈونچر‘ پر دشمن کو دندان شکن جواب دیا جائے گا۔ قوم اور فوج مل کر ملک کا دفاع کریں گے۔ اجلاس میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں قابض بھارتی افواج کے انسانیت سوز مظالم کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں اہل کشمیر کا مقدمہ پوری قوت سے اٹھایا جائے۔

دنیا کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے سنگین واقعات سے آگاہ کیاجائے۔ قائد مسلم لیگ (ن) سابق وزیر اعظم محمد نوازشریف نے کشمیریوں کے وکیل کا کرداراداکیا اور اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی فورمز پر پوری جرات اور دوٹوک انداز میں کشمیر کا مقدمہ پیش کیا۔ توقع ظاہر کی گئی کہ موجودہ حکومت دانائی اور جرات کے ساتھ کشمیریوں کے حقوق کی آواز بلند کرے گی۔

اجلاس نے قائد محمد نواز شریف، محترمہ مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کی ضمانت پر رہائی پر وزیراطلاعات کے ’ڈیل اور ڈھیل‘ کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بیان آزادعدلیہ کی توہین ہے جس کا عدلیہ نوٹس لے۔ چوہدری فواد وزیر اطلاعات بنیں عدلیہ کے نمائندے نہ بنیں۔ اجلاس میں لوکل باڈیزکے موجودہ نظام کے تحفظ کا اعلان کرتے ہوئے فیصلہ کیاگیا کہ بلدیاتی نظام پر حکومتی حملے کے خلاف بھرپور مزاحمت کی جائے گی اور بلدیاتی اداروں اور ان کے نمائندوں کے حقوق کی ہر سطح پر بھرپور حمایت اورتحفظ کریں گے۔

اجلاس میں کہاگیا کہ پی ٹی آئی کا ایک اور یوٹرن قوم نے دیکھ لیا۔ الیکشن سے پہلے جو پروٹوکول ’حرام‘ تھا، اب ’حلال‘ ہوچکا ہے۔ کراچی میں صدرمملکت کے لئے لگائے گئے پروٹوکول پر شہری پر تشدد اور گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس شہری کو فی الفور رہا کیاجائے۔ یوٹرن پی ٹی آئی لے رہی ہے۔ شہریوں کو سوال کرنے پر سزا نہ دی جائے اور فوراً رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں