سعد رفیق کوآج نہیں توکل پکڑ لیں گے، نوازشریف

سعد رفیق کے ساتھ جو سلوک ہو رہا ہے سب کے سامنے ہے، دنیا جانتی ہے شہبازشریف اورمجھ پر جس طرح کے مقدمات بنائے گئے، الیکشن میں عوام کی دعاؤں سے کامیابی ملی،اللہ کے فضل سے یہ سارے حالات بدل جائیں گے۔ سابق وزیراعظم نوازشریف کی میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 15 اکتوبر 2018 19:26

سعد رفیق کوآج نہیں توکل پکڑ لیں گے، نوازشریف
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اکتوبر2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ سعد رفیق کوآج نہیں توکل پکڑ لیں گے، سعد رفیق کے ساتھ جو سلوک ہو رہا ہے سب کے سامنے ہے، دنیا جانتی ہے شہبازشریف اور مجھ پر جس طرح مقدمات بنائے گئے، الیکشن میں عوام کی دعاؤں سے ن لیگ کو کامیابی ملی، اللہ کے فضل سے یہ سارے حالات بدل جائیں گے۔

انہوں نے آج پیر کو احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا شکر گزار ہوں جنہوں نے ہمیں ضمنی انتخابات میں سرفراز کیا۔ ہماری توقعات سے بڑھ کر کل ہمیں فتح ملی۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بارایسا ہوا ہے کہ حکومت کے پہلے 50 دنوں میں ضمنی الیکشن کا اس طرح کا نتیجہ آیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے باوجود عوام نے جوق درجوق (ن) لیگ کو ووٹ ڈالا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی ضمنی الیکشن میں منتخب ہوئے اور راولپنڈی کی نشست بھی ایسی ہی ہے جیسے ہم نے جیتی ہے۔ باقی سیٹیں (ن) لیگ کی نہیں تھیں ہم نے پی ٹی آئی سے نشستیں جیتی ہیں۔ نوازشریف نے کہا کہ یہ ایک پیغام ہے کہ آنے والا وقت کس طرح کا آرہا ہے۔ ہم سب ملک و ملت کی خیر مانگیں۔ بطور وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب میں نے اور شہبازشریف نے بہت دیانت داری کے ساتھ فرض ادا کیا۔

یہ ریکارڈ کی بات ہے۔ دیکھ لیں چار سال میں ڈالر 104 سے نہیں بڑھا۔ اب 50 دنوں میں ڈالر کا حال دیکھ لیا۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ مہنگائی کے حالات دیکھ لیں۔ ہمارے زمانے میں کوئی مہنگائی نہیں تھی اور لوگ خوش تھے، عام اشیاء کی قیمتیں مناسب تھیں۔ غریب مطمئن تھے، آج انہی کی دعاؤں کا نتیجہ ہے کہ اللہ (ن) لیگ کو کامیابیاں دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یکسر سب کچھ بدل گیا۔

میں جیل میں رہا۔ مجھ پر مقدمے بن رہے ہیں۔ شہباز شریف جیل میں نیب کی قید میں ہیں جس طرح مجھ پر اور شہباز شریف پر مقدمے بنائے گئے وہ دنیا جانتی ہے۔ ہم پر جس طرح کے مقدمے بنائے گئے اس کی تصدیق سب نے کی ہے۔ سعد رفیق سے جو سلوک ہو رہا ہے۔ ان کے بارے میں یہی ہے کہ آج نہیں تو کل انہیں پکڑیں گے۔ سابق وزیر اعظم میاں نوازشریف نے کہا کہ میں اور شاہد خاقان عباسی غداری کے مقدمے کا سامنا کر رہے ہیں، اللہ کے فضل سے یہ سارے حالات بدل جائیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں