قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات

ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال وفاقی بجٹ پر مشترکہ اپوزیشن موقف اور آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا پارلیمنٹ ہائوس میں اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں ہونے والی ملاقات کے بعد اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت

بدھ 19 جون 2019 00:02

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2019ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی ہے جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال وفاقی بجٹ۔2019-20ء پر مشترکہ اپوزیشن موقف اور آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ منگل کو پارلیمنٹ ہائوس میں اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں ہونے والی ملاقات کے بعد اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے موجودہ سیاسی صورتحال پر بات چیت کی ہے۔

ملاقات میں اے پی سی کے انعقاد اورآصف علی زرداری اور خواجہ سعد رفیق کے پروڈکشن آرڈرز کے اجراء کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ پر حقائق کو سامنے رکھ کر بات کریں گے اور پارلیمنٹ میں صورتحال کو بہتر بنانے کی کوشش کریں گے۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بجٹ کی منظوری روکنے کے لیے مشترکہ کمیٹی قائم کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پروڈکشن آرڈرز کے حوالے سے ایک اور خط لکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ایم کیو ایم نے پروڈکشن آرڈرز کی حمایت کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ق) نے پروڈکشن آرڈرز کی حد تک تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے اور مسلم لیگ (ق) کی طرف سے خط پر مونس الٰہی دستخط کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جلد آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوگی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں