وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کی کور کمیٹی کا اہم اجلاس (کل) طلب کرلیا

کور کمیٹی نوازشریف کی صحت، ای سی ایل سے نام نکالنے ،مولانا فضل الرحمن کے دھرنا کے بعد کی صورتحال ،معاشی صورتحال، پارلیمانی امور اور مہنگائی سے متعلق ا مور پر مشاورت کریگی

جمعہ 15 نومبر 2019 00:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 نومبر2019ء) سیاسی و معاشی چیلنجز اور تنظیمی معاملات کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کی اعلی قیادت کے دو اہم ترین اجلاس (کل) جمعہ کو طلب کر لئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اہم اجلاس (آج) جمعہ کو طلب کرلیا ہے،تحریک انصاف کور کمیٹی کا اجلاس جمعہ کی شام پانچ بجے بنی گالہ میں منعقد ہوگا ۔

وزیر اعظم عمران خان اجلاس کی صدارت کرینگے ، اجلاس میں اعلیٰ پارٹی قیادت شریک ہوگی ۔تحریک انصاف کی کور کمیٹی نوازشریف کی صحت، ای سی ایل سے نام نکالنے سے متعلق مشاورت کرے گی ،کور کمیٹی مولانا فضل الرحمان کے دھرنا کے بعد کی صورتحال پر مشاورت کرے گی،کور کمیٹی معاشی صورتحال، پارلیمانی امور اور مہنگائی سے متعلق ا مور پر بھی بات کریگی ۔

(جاری ہے)

کور کمیٹی کے اجلاس میں قومی سطح کے اہم فیصلے کئے جائیں گے ،کور کمیٹی اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وزیر اعلی کے پی محمود خان ،گورنر پنجاب چوہدری سرور، گورنر سندھ عمران اسماعیل، گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان ،وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی ، تحریک انصاف کے سینئر رہنماء جہانگیر ترین ،وفاقی وزیر شیریں مزاری، اسد عمر، عامر کیانی ،وزیر دفاع پرویز خٹک ،علیم خان، عاطف خان ،وفاقی وزیر فواد چوہدری،بابر اعوان، وفاقی وزیر غلام سرور خان، علی زیدی، علی امین بھی کور کمیٹی اجلاس شرکت کریں گے۔

کور کمیٹی سے قبل عامر کیانی کی سربراہی میں ریجنل صدور کا اجلاس سہ پہر تین بجے پی ٹی آئی سیکریٹریٹ میں منعقد ہوگا جس میں تنظیمی امور، ملکی سیاسی و معاشی،صورتحال اور تنظیم سازی پر بات ہو گی ۔تحریک انصاف تنظیم کو فعال بنانے سے متعلق ریجنل صدور کو اہداف سونپے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں