ملک و قوم سے یہ مذاق مزید جاری رہا تو نتائج سوچ سے بڑھ کر بھیانک ہوں گے ؛ فواد چوہدری

لوٹوں کی چیف پولنگ ایجنٹ مریم صفدر کا پورا زور بیہودگی پر لگ رہا ہے‘ جمہوری معاشرے میں سیاست کو سزا یافتہ مجرموں کا اکھاڑا بنانے کی اجازت نہیں دی جاتی۔ پی ٹی آئی رہنماء کا بیان

Sajid Ali ساجد علی منگل 5 جولائی 2022 10:41

ملک و قوم سے یہ مذاق مزید جاری رہا تو نتائج سوچ سے بڑھ کر بھیانک ہوں گے ؛ فواد چوہدری
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 05 جولائی 2022ء ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے خبردار کیا ہے کہ لوٹوں کی چیف پولنگ ایجنٹ مریم صفدر کا پورا زور بیہودگی پر لگ رہا ہے ، ضمانت پر رہا مجرمہ کی انتخابی مہم میں شرکت نظامِ انصاف کیلئے امتحان ہے ، ملک و قوم سے یہ مذاق مزید جاری رہا تو نتائج سوچ سے بڑھ کر بھیانک ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جمہوری معاشرے میں سیاست کو سزا یافتہ مجرموں کا اکھاڑا بنانے کی اجازت نہیں دی جاتی ، مجرموں کی انتخابی مہم سے لاتعلقی پر پنجاب کے عوام شکریہ کے مستحق ہیں، جن کی ایک جیب سے لوٹے دوسری سے چپڑاسی برآمد ہوتے ہیں وہ عوام کو کیا ریلیف دے سکتے ہیں، قوم کو بجلی سے محروم کرکے 100 یونٹس کی بھیک سے عوام کو بیوقوف بنانا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ این آر او ٹو لے کر 1100 ارب ہڑپ کرنے اور نیب کا خاتمہ کرنا اولین مقاصد تھے، بدترین معاشی قتلِ عام کے باوجود آئی ایم ایف چوروں پر اعتبار کرنے کو تیار نہیں ، ملک و قوم سے یہ مذاق مزید جاری رہا تو نتائج سوچ سے بڑھ کر بھیانک ہوں گے۔ علاوہ ازیں ایک ٹی وی پروگرام میں بات کرتے ہوئے فوادچوہدری نے کہا کہ ن لیگ نے زیادہ تر لوٹوں کو ٹکٹ دیے ہیں ن لیگ کے اپنے لوگ ہی الیکشن میں خود کھڑے ہوگئے ہیں ، لوٹوں کو نہ ن لیگ والے ووٹ دیں گے اور نہ ہی پی ٹی آئی والے ، پنجاب میں ن لیگ کا ضمنی الیکشن بہت برا ہے ، سچ بات تو یہ ہے کہ دھاندلی سے اتنے بڑے الیکشن نہیں جیتے جا سکتے، پنجاب ضمنی الیکشن میں ہمارا آزاد امیدواروں سے کانٹے کا مقابلہ ہے ، جتنی مرضی یہ دھاندلی کرلیں، پی ٹی آئی سب سے زیادہ نشستیں جیتے گی اور پنجاب میں دوسرے نمبر پر آزاد امیدوار سیٹیں جیتیں گے پھر ن لیگ ہوگی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں