لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کی چیئرمین نادرا تعیناتی کی منظوری

حاضرسروس افسر کی عہدے پر تعیناتی کے لیے متعلقہ رول شامل کرنے کی منظوری دی گئی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 30 مارچ 2024 12:02

لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کی چیئرمین نادرا تعیناتی کی منظوری
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 مارچ 2024ء ) وفاقی حکومت نے لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کو 3 سال کیلئے چیئرمین نادرا تعینات کرنے کی منظوری دیدی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ نگران حکومت نے لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کی تعیناتی تاحکم ثانی کی تھی جس کے بعد اب وفاقی حکومت نے ان کی تین سال کیلئے تعیناتی کی منظوری دی ہے، جس کے لیے پہلے حاضرسروس افسر کی چیئرمین نادرا تعیناتی کیلئے متعلقہ رول شامل کرنے کی منظوری دی گئی۔

ذرائع نے کہا ہے کہ وفاقی کابینہ نے سرکولیشن کے ذریعے وزارت داخلہ کی سمری منظور کی، متعلقہ رولز کے تحت نگران دورکی تعیناتی کی منتخب وفاقی حکومت سے توثیق کی ضرورت تھی، الیکشن ایکٹ کے سیکشن 230 کے تحت اسی عرصے کی تعیناتی قلیل مدتی تصورہوتی ہے جب کہ وفاقی کابینہ نے نادرا رولز 2020ء میں رول 7 اے شامل کرنے کی منظوری دی، رول7 اے کے تحت کسی بھی حاضر سروس افسر کو قومی مفاد میں چیئرمین نادرا تعینات کیا جاسکتا ہے لیکن اس کے لیے شرط یہ ہوگی کہ حاضر سروس افسر کا عہدہ گریڈ 21 سےکم نہ ہو۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ محمد منیر افسر کی بطور چیئرمین نادرا تعیناتی 2 اکتوبر 2023 کو ہوئی تھی، لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر جی ایچ کیو میں آئی جی کمیونیکیشن اینڈ آئی ٹی تعینات ہیں، لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر نے جیو گرافک انفارمیشن سسٹمز اور ریموٹ سینسنگ میں ایم ایس کیا، انہیں تیز رفتار جغرافیائی ڈیٹا تخلیق سے متعلق مقالے پر صدارتی ایوارڈ سے نوازا گیا۔

علاوہ ازیں لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر نے این ڈی یو واشنگٹن سے نیشنل ریسورس اسٹریٹیجی میں ایم ایس کیا اور وہ نسٹ اسلام آباد میں ریموٹ سینسنگ میں پی ایچ ڈی کے امیدوار ہیں، لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر آئی ٹی اور جی آئی ایس کے مختلف پہلوؤں سے متعلق کریڈٹ کیلئے متعدد تحقیقی اشاعتیں کیں، وہ میجر جنرل کی حیثیت سے ڈی جی کمانڈ، کنٹرول، کمیونیکیشن رہے، لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر انسپکٹر جنرل کمیونیکیشن اینڈ آئی ٹی رہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں